نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن عہدے سے مستعفی

نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن عہدے سے مستعفی

ویلنگٹن (نیٹ نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ورلڈ کپ سے قبل اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے جبکہ عالمی کپ کے شروع ہونے میں ایک سال سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے۔ مائیک ہیسن خاندانی وجوہات کی بناء پر ایک سال تک کوئی بھی کنٹریکٹ سائن نہیں کریں گے۔ مائیک ہیسن نے جمعرات کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے مطالبات سے متاثر ہوئے ہیں وہ اپنی بیوی اور دوبیٹیوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ھیں۔مائیک ہیسن نے 20 جولائی 2012ء میں کیویز ٹیم کی کوچنگ شروع کی جبکہ 7 جون 2018ء کو اپنے عہدے کو خیر باد کہہ دیا۔ مائیک ہیسن عرصہ 6 سال تک کیویز کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیتے رہے اور اس دوران کیویز ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

، مائیک ہیسن کی کوچنگ کے دوران کیویز ٹیم نے 21 ٹیسٹ جیتے اور 21 میں ہی اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، اسی طرح 65 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہی اور 46 میچوں میں اسکو ناکامی ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مائیک ہیسن کی کوچنگ میں 56 ٹونٹی میچوں میں سے 30 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 26 میں ناکام رہی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی