فوڈ اتھارٹی کا غیر قانونی مذبحہ خانہ پر چھاپہ،3600کلو ناقص گوشت بر آمد

فوڈ اتھارٹی کا غیر قانونی مذبحہ خانہ پر چھاپہ،3600کلو ناقص گوشت بر آمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیمز نے غیر قانونی مذبح خانوں، بیمار، لاغر جانوروں کے گوشت کی فراہمی کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے بکر منڈی میں غیر قانونی مذبح خانے سے 3600 کلو ناقص گوشت برآمد کر لیا ۔پکڑا گیا گوشت پیمکو کی بھٹھی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔جبکہ تمام ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رافیعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارتی کی آپریشنز اور میٹ سیفٹی ٹیموں نے بکر منڈی میں غیر قانونی مذبح خانے پربیمار اورلاغر جانوروں کے گوشت کی فراہمی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ہزاروں کلو مضر صحت گوشت برآمد کرکے پیمکو کی بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا ۔اس سلسلے میں میٹ سیفٹی ٹیم نے ایک ہفتہ ریکی کر کے غیر قانونی مذبح خانے کا سراغ لگایا۔ ناقص گوشت بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کر کے تیار کیا جا رہا تھا جو کہ لاہور کے مضافاتی علاقوں میں مختلف دوکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بروقت کاروائی کر کے شہریوں کو 3600 کلو مضر صحت گوشت کھانے سے بچا لیا۔عوام کو بیماریوں سے بھرپورگوشت کھلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو موقع سے گرفتارکر کے پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے عید سے قبل صوبہ بھر میں غیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ جس کے پیش نظرگوشت کی مسلسل اور کڑی نگرانی کے لیے سپیشل میٹ سیفٹی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔اے ڈی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ پنجاب کے کسی بھی کونے میں مضر صحت خوراک کا مکروہ دھندہ پنجاب فوڈ اتھارٹی سے بچ نہیں سکتا۔عوام تک ہر قسم کی صحت مند خوراک کی یقنی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے فو ڈ اتھارٹی کی کاروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
فوڈ اتھارٹی