مستقل سردرد،الٹیاں اور مرگی کے دورے برین ٹیومر کی علامات ہیں،ڈاکٹر عرفان یوسف

مستقل سردرد،الٹیاں اور مرگی کے دورے برین ٹیومر کی علامات ہیں،ڈاکٹر عرفان ...

لاہور(سٹی رپورٹر)سرمیں مستقل درد، اُلٹیاں، مرگی جیسے دورے پڑنے یا جسم کے کسی مخصوص حصے کے مستقل طور پر سن یا کمزور ہونے کی صورت میں کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق سی ٹی سکین یا ایم آر آئی سکین ضرور کروالیں، کیونکہ یہ علامات برین ٹیومر کی بھی ہوسکتی ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عرفان یوسف ، کنسلٹنٹ نیورو سرجن، شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر نے ورلڈ برین ٹیومر ڈے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر عرفان یوسف نے بتایا کہ برین ٹیومر یعنی دماغ کے کینسر ہونے کی کوئی مخصوص وجہ نہیں ہوتی لیکن کچھ ایسی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے برین ٹیومر ہوسکتا ہے جیسا کہ ریڈی ایشن والی جگہ یا ماحول میں رہنے والے یا کام کرنے والے افراد میں اس بیماری ہونے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ سردرد، دورے پڑنے کے علاوہ بولنے میں دقت ہونا، یادداشت کاخراب ہونا، نظر کا خراب ہونا بھی برین ٹیومر کی علامات ہوسکتی ہیں اور اس کی تشخیص کیلئے دماغ کا سی ٹی سکین یا ایم آر آئی سکین کی مدد لی جاتی ہے۔ ٹیومر ایک ایسا مرض ہے جس میں جسم کے کسی بھی حصے کے خلیے از خود بڑھنے لگتے ہیں اور جسم کے نظام کا ان پر سے کنٹرول ختم ہو جاتا ہے ۔ برین ٹیومر بھی اسی طرح کی ایک بیماری ہے جس کے انسانی جسم پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کی مختلف اقسام ہیں جیسا کہ بعض برین ٹیومر سست روی سے بڑھتے ہیں جبکہ کچھ انتہائی تیز رفتاری سے بڑھتے ہیں ۔ میڈیکل کی زبان میں ان کو نوعیت کے اعتبار سے 1سے4 تک کے مختلف گریڈز میں بانٹا جاتا ہے ۔ برین ٹیومر تشخیص ہوجانے کی صورت میں ٹیومر کی قسم اور گریڈ معلوم کرنے کیلئے بائی آپسی کا استعمال کیا جاتا ہے اور دیکھا جاتا ہے کہ یہ ٹیومر دماغ سے نکلا ہے یا جسم کے کسی اور حصے سے نکل کر دماغ تک پہنچا ہے اور ٹیومر بے ضرر یعنی بینائن (benign)ہے جسے نکال دیا جائے تو واپس آنے کا امکانا ت بہت کم ہوتے ہیںیا نقصان پہنچانے والا یعنی میلگننٹ (malignant) ۔ میلگننٹ ٹیومر اگر کم گریڈ والا ہوتو متوقع زندگی زیادہ جبکہ زیادہ گریڈ ہونے کی صورت میں متوقع زندگی کم ہوسکتی ہے۔ ان ٹیومرز کی ایک قسم gliomaہے جو دماغ کے خلیے سے پیدا ہوتا ہے یہ ایک سے چار گریڈ تک کا ہو سکتا ہے ۔ایسے ٹیومر جو تیزی سے نہیں بڑھتے ان کو اگر نکال دیا جائے تو مریض کی زندگی بڑھ جاتی ہے۔دماغ کا سٹرکچر چونکہ بہت نازک ہوتا ہے اس لیے برین ٹیومر کا آپریشن بھی انتہائی پیچیدہ ہوتا ہے جو کہ صرف قابل اور تجربہ کار ڈاکٹرز ہی کر سکتے ہیں۔ جیسے جیسے برین ٹیومر کا گریڈ بڑھتا ہے relaps کے چانسزبھی بڑھ جاتے ہیں

ٹیومر

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...