متحدہ مجلس عمل لاہور کی تمام نشستوں پر انتخابات میں ٖحصہ لے گی ، لیاقت بلوچ
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) متحدہ مجلس عمل لاہور کی تمام قومی و صوبائی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لے گی اور اس کیلئے ایم ایم اے نے مشاورات مکمل کرکے ناموں کی حتمی منظوری کیلئے فہرست مرکزی ، وصوبائی پارلیمانی بورڈ زکو ارسال کر دی ہے ۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس 12 مئی کو اسلام آباد میں ہو گا ۔دفتر جماعت اسلامی لاہور میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ایم اے و جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس الیکشن میں سیکولر اور پانامہ زدگان کا مقابلہ اسلام پسند قوتوں کے ساتھ ہو گا ۔ اس موقع پر ترجمان جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ، امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد ، چوہدری محمود الاحد ، غلام حسین بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ اہم اس ملک سے جو کہ کلمہ لاالہ کی بنیاد پر بنا تھا سیکولر اور کرپٹ عناصر کو بھگاکر دم لیں گے ۔ ایم ایم اے 24 جون کو پشاور میں،29 جون کو ملتان ، 8 جولائی کو کراچی ، 12 جولائی کو مالاکنڈ میں بڑے انتخابی جلسے کر یگی۔ ایم ایم اے اے مرکزی قائدین کاروا ں اور انتخابی جلسوں کی صورت میں پورے پاکستان کا دورہ کریں گے اور عوام الناس کو ایم ایم اے کا منشور جو کہ اسلامی ، فلاحی اور رفاحی ہے پیش کریں گے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی و صد ر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اہل لاہور سابقہ روایات کو زندہ کرتے ہوئے اسلام پسند قوتوں کو ووٹ دے کر اپنی ملی و دینی حمیت کا مظاہرہ کریں گے ۔ ایم ایم اے کے اتحاد سے لادین قوتوں پر لرزہ طاری ہو گیا ہے اور وہ جو کہتے تھے کہ اسلام پسند قوتیں اکھٹی نہیں ہو سکتی اب اس سے پریشان ہیں ۔