وزیٹر مینجمنٹ سسٹم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، حوصلہ افزا نتائج ملنا شروع ہوگئے
لاہور(کرائم رپورٹر)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہورکیپٹن (ر) محمد امین وینس نے سی سی پی او آفس میں جس ’’ وزیٹر مینجمنٹ سسٹم‘‘ کا افتتاح کیا تھا،اس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اورحوصلہ افزا نتائج کے ساتھ پولیس ملازمین کے دیرینہ مسائل حل ہورہے ہیں۔اس سسٹم کے نفاذ سے پولیس ملازمین کے ٹرانسفر پوسٹنگ ، چھٹی ، این او سی ، ترقی ، کنفرمیشن ، سنیارٹی ، ٹریننگ ، بھرتی ، پینشن ، تعلیمی وظیفہ ، جہیز فنڈ ، جی پی فنڈ، تنخواہ بقایا جات، میڈیکل بل ، اپیل ، اے سی آرز، ذاتی شنوائی سمیت مختلف نوعیت کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔اس سسٹم نے لاہور پولیس کو ترقی یافتہ ممالک کی پولیس کی صف میں لا کھڑا کیا ہے اور’ ’ وزیٹر مینجمنٹ سسٹم‘‘ کی بدولت پولیس ملازمین کو کلرک مافیاکے غیر ضروری تاخیری حربوں سے نجات مل رہی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی سی پی او لاہور اور ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن کی کاوشوں سے لاہور پولیس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کی لیڈنگ فورسز میں شامل ہے جس نے ویلفیئر آئی ، لوکل آئی، پول کیئر ہیلتھ اور ٹرپل ون انفارمیشن سسٹم سمیت کئی مفید سافٹ وئیر تیار کئے ہیں جنہیں پاکستان کے دیگر صوبوں کی پولیس فورسز نے بھی اپنایا ہے ۔