اعتدال‘ رواداری مسلم سکول آف تھاٹ کا طرّہ امتیاز ہے: طاہر القادری
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اعتدال، رواداری مسلم سکول آف تھاٹ کا طرۂ امتیاز ہے۔ ان اعلیٰ انسانی اسلامی اقدار کو نظر انداز کرنے سے کردار و عمل کے اعتبار سے مثالی معاشرہ کی تشکیل ناممکن ہے۔امت مسلمہ کو تفرقہ بازی سے بچانا، متحد رکھنا، علمائے حق کی دینی، قومی و ملی اولین ذمہ داری ہے۔ عالم اسلام سیاسی، معاشی، سماجی، ثقافتی حملوں کے ساتھ فکری اور نظریاتی دہشتگردی کا بھی شکار ہے۔قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کا حصول اور مطالعہ صراط مستقیم کی ضمانت ہے۔عدم برداشت اورانتہا پسندی، امن، یکجہتی، اتحاد امت کے راہ کی بڑی رکاوٹ ہے ۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف علمی آبیاری، روحانی تربیت اور قلبی سکون کا مرکز ہے۔ معتکفین 10 یوم تک ہر قسم کے دنیاوی جھنجھٹ سے آزاد رہ کر اللہ سے لو لگاتے ہیں اور دلوں میں عشق مصطفیﷺ کے دیے جلاتے ہیں۔شہر اعتکاف میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت باعث اطمینان ہے۔