لبرٹی مارکیٹ میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ ‘ آئی جی نے رپورٹ طلب کر لی
لاہور(کرائم رپورٹر) لبرٹی مارکیٹ میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا۔آئی جی پنجاب کیپٹن(ر)عارف نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)امین وینس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق گلبرگ کے علاقہ لبرٹی مارکیٹ میں گزشتہ روز افطاری بعد تجاوزات کے معاملے پر دو دوکانوں کے مالکان میں جھگڑا ہوا جس پر وسیم نامی سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی جس سے مارکیٹ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا،اطلاع ملنے پر گلبرگ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے ملزم سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب آئی جی پنجاب کیپٹن(ر)عارف نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)امین وینس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے عوامی مقامات پر سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔