پنجاب بینک کے صدر نعیم الدین کو عہدہ سے ہٹانے کی درخواست پرحکومت کو نوٹس

پنجاب بینک کے صدر نعیم الدین کو عہدہ سے ہٹانے کی درخواست پرحکومت کو نوٹس

لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بینک کے صدر نعیم الدین خان کو عہدہ سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل عامر سعید راں نے موقف اختیار کیا کہ صدر پنجاب بینک کی ڈگری جعلی ہے،انہیں طریقہ کار کے برعکس سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا، صدر پنجاب بینک نے غیر قانونی سرمایہ کاری کے ذریعے سرکاری خزانے کو 8ارب روپے کا نقصان پہنچایا، انہوں نے بتایا کہ صدر بینک پنجاب کی مدت مکمل ہونے کے باوجود غیر معینہ مدت کے لئے غیر قانونی توسیع دے دی گئی، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب بینک کے صدر نعیم الدین خان کو عہدہ سے برطرف کرے۔حکومت پنجاب کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مہلت طلب کی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20جون تک ملتوی کردی۔

مزید : علاقائی