صادق اور امین کی شرائط ختم کرنے والی جماعتوں، ارکان پارلیمنٹ کی اہلیت چیلنج
لاہور(نامہ نگار خصوصی)کاغذات نامزدگی کے فارم سے صادق اور امین کی شرائط ختم کرنے والی سیاسی جماعتوں کے سربراہان اورسابق ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے،یہ درخواست مقامی وکیل رانا علم الدین غازی نے دائر کی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اصلاحات ایکٹ میں ارکان پارلیمنٹ نے ماورائے آئین اقدام کرتے ہوئے آرٹیکل62،63کی متعدد شرائط ختم کیں،صادق اور امین کی شرائط کے خاتمے کی قانون سازی کرنے والے ارکان اہل نہیں رہے، سیاسی جماعتوں کے سربراہوں، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور سابق ارکان اسمبلی نے آئین کو نظر انداز کر کے بدنیتی کرتے ہوئے قانون سازی میں حصہ لیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت قانون سازی کرنے والے ارکان کونااہل قراردے، مزید استدعا کی گئی ہے کہ قانون سازی میں ساتھ دینے پرالیکشن کمیشن کوتحلیل کیا جائے۔