اہل کفر متحد ہو کر بھی مسلمانوں کا راستہ نہیں روک سکتے،راشد نسیم

اہل کفر متحد ہو کر بھی مسلمانوں کا راستہ نہیں روک سکتے،راشد نسیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پوری دنیا کا کفر جمع ہو کر بھی اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک نہیں سکتا ۔ دنیا امن کی پیاسی ہے اور امن صرف اسلام دے سکتاہے ۔ انسانیت کو خوشحالی اور ترقی دینے کے دعویدار تما م ازم ایک ایک کر کے اپنی موت مرچکے ہیں ۔ سوشلزم ، کیمونزم ، لبرل ازم اور سیکولر ازم کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اپنی حسرتوں پر آنسو بہا رہے ہیں جبکہ اسلام کا سورج نصف النہار پر چمک رہاہے ۔وہ دن دور نہیں جب مشرق و مغرب اور شمال و جنوب تک اسلام کا جھنڈا لہرائے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حیدر آباد میں عوامی افطار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اسلامی دنیا کی قیادت کی تمام صلاحیتوں سے نوازا ہے اگر دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت مل جائے تو پاکستان چند سالوں کے اندر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے صرف باکردار قیادت نکال سکتی ہے ۔ایک کی جگہ دوسرے کرپٹ کو لانے کی غلطی کی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ عوام 2018 ء کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں کا کھیل اور کرپشن کے بازار کو ختم کیا جاسکے ۔ دریں اثنا راشد نسیم نے کراچی کے حلقہ این اے 254 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں ۔ راشد نسیم 8 جون کو مسجد قریشاں لانڈھی کراچی میں جمعہ کے اجتماع اور بعد نماز عصر لسبیلہ چوک کراچی میں عوامی افطار پروگرام کے شرکاء سے خطاب کریں گے ۔