نگران وزیراعلی پنجاب کی تقرری مسترد، مسلم لیگ (ن)، فیصلہ آئین وقانون کے مطابق ، تنقید درست نہیں ، الیکشن کمیشن

نگران وزیراعلی پنجاب کی تقرری مسترد، مسلم لیگ (ن)، فیصلہ آئین وقانون کے مطابق ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پروفیسر حسن عسکری اور بلوچستان کیلئے علاؤالدین مری کے ناموں کا اعلان کردیا۔نگران وزیراعلیٰ کیلئے پنجاب اور بلوچستان میں حزب اقتدار اور حزب مخالف میں فیصلہ نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس گیا جس پر گزشتہ روزالیکشن کمیشن حکام نے مشاورت کے بعد دونوں صوبوں کے نگران وزیراعلیٰ کے ناموں کا اعلان کیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے چار نام الیکشن کمیشن کو بھیجے تھے، جن میں تحلیل شدہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈمرل (ر) ذکاء اللہ اور جسٹس (ر) سائر علی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام شامل تھے۔اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران بھی شریک ہوئے۔باہمی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن حکام نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر پروفیسر حسن عسکری کے نام کا اعلان کردیا۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے کہا نگران وزیر اعلی پنجاب کا معاملہ 6جون کو الیکشن کمیشن ریفر ہوا تھا،گزشتہ روزباہمی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب پروفیسر حسن عسکری رضوی ہونگے،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری پر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر آئین اور قانون کے تحت کیا جاتا ہے ،جمعرات کے روز پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے اعلان کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے اعتراض کے بعد الیکشن کمیشن کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا آئین کے آرٹیکل 224کے تحت الیکشن کمیشن کو نگران وزیر اعلیٰ کیلئے 4نام بھجوائے گئے تھے اور الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہوئے متفقہ طور پر پروفیسر حسن عسکری کا نام نگران وزیر اعلیٰ کیلئے منتخب کر لیا ہے ترجمان کے مطابق فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کیا گیا ہے اور اس پر مسلم لیگ ن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے تنقید درست نہیں ہے ۔
نگران وزیر اعلیٰ

لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے حسن عسکری کی تقرری کو مسترد کردیا۔گزشتہ روزلاہور میں احسن اقبال، سعد رفیق اور خرم دستگیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خا قا ن عباسی نے کہا پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ پورے الیکشن عمل کو مشکوک بنادیگا، ہمارے نامزد کردہ افراد اچھی شہرت کے حامل تھے ان کی غیر جانبداری پر کوئی شک نہیں تھا لیکن یہ بدقسمتی ہے الیکشن کمیشن نے حسن عسکری کا نام فائنل کیا، (ن) لیگ، اس کی قیادت اور جمہوریت کے بارے میں حسن عسکری کے خیالات سے لوگ خود واقف ہیں، ان کے ٹوئٹ اور آرٹیکل (ن) لیگ کیخلاف موجود ہیں جو ہماری پارٹی سے تعصب کا اظہار کرتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاحسن عسکری غیر جانبدار آدمی نہیں ہیں، ضروری ہے کہ سیٹ اپ نیو ٹر ل ہو اور عوام کو نیوٹرل ہوتا نظر بھی آئے لیکن پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری نے پورا معاملہ مشکوک بنادیا، نظر آرہا ہے یہ الیکشن شفا ف اور آزادانہ نہیں ہونگے،سابق وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ حسن عسکری سے متعلق الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور پنجاب میں مکمل طور پر غیرجانبدار نگران سیٹ اپ لائے۔ بعدازاں سابق وزیر قانون پنجاب راناثنااللہ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ حسن عسکری کی بطور نگراں وزیراعلی تقرری پر تحفظات ہیں، حسن عسکری نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے وہ جمہور یت پر یقین نہیں رکھتے، ان سے غیر جابندار اور میرٹ پر کام کی توقع نہیں کی جاسکتی،حسن عسکری کی تقرری پر تحریری طور پر تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، ان کے اقدامات کو چیلنج کرسکتے ہیں ۔ ان سے غیر جابندار اور میرٹ پر کام کی توقع نہیں کی جاسکتی، بدقسمتی ہے جس شخص نے ایک سکول نہیں چلایا وہ صوبہ چلائے گا۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، پی ٹی آئی کا موقف درست ثابت ہوگیا، ہماری نیک تمنائیں حسن عسکری کیساتھ ہیں۔
ن لیگ

لاہور (آئی این پی)نامزد نگران وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری آج بروز جمعہ اپنے عہدے کا حلف گورنر ہاؤس پنجاب میں اٹھائیں گے، نامزد نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے کہا ہے الیکشن کمیشن نے جو تاریخ دی ہے اس میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے، محدود وقت میں عوام کی فلاح پر بھی توجہ دیں گے، کابینہ محدود رکھیں گے۔ جمعرات کو نامزد نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکر ی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوشش ہوگی کہ کسی جماعت کو شکایت نہ ہو جو بھی کام ہوگا قانون کے مطابق ہوگا۔ محدود وقت میں عوام کی فلاح پر بھی توجہ دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے جو تاریخ دی ہے اس میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے ،انہوں نے کہا (ن) لیگ تحفظات کا اظہار کر رہی ہے تو یہ ان کا حق ہے، رائے دینا ان کا حق ہے وہ میرے بارے میں کہتے رہیں۔میں اپنے منصب کا غلط استعمال نہیں کروں گا، مجھے الیکشن کمیشن نے نگر ا ن وزیراعلیٰ مقرر کیا ہے، الیکشن کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بناوں گا، کوئی پارٹی پریشان نہ ہو۔ مخالفین دوسروں کے بارے میں رائے د یتے رہتے ہیں، اگر (ن) لیگ نے تقرری چیلنج کرنی ہے تو کرئے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کروں گا۔ کوئی سیاسی ایجنڈا تھا نہ ہوگا، غیر جانبداری سے انتخاب کراؤں گا۔
حسن عسکری

مزید :

صفحہ اول -