پاک امریکہ تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق

پاک امریکہ تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اظہر زمان ،بیوروچیف) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گزشتہ روز ٹیلی فو نک رابطہ کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا، امریکی وزارت خارجہ کی ترحجان ہیتھر نوارٹ نے یہاں ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے جنرل باجوہ کو ٹیلی فون کرکے علاقے کی صورتحال پر بات چیت کی ۔ مسٹر پومپیو نے جن دیگر موضوعات پر بات چیت کی ان میں افغانستان کی صورتحال اور جنوبی ایشیاء میں موجود عسکری گروہوں سے نمٹنے جیسے مسائل شامل تھے۔ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستانی کمانڈز کیساتھ گفتگو میں افغانستان میں سیاسی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہو ئے مذاکرات کو تیز اور شدت پسندوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہدف بنانے کی حکمت عملی پر بات چیت کی ۔اسوقت ا مر یکہ اور پاکستان کے تعلقات برقرار ضرور ہیں لیکن سرد مہری کا شکار ہیں، ان تعلقات میں کشیدگی و اختلافات کی بنیادی وجہ حقانی نیٹ و ر ک ہے، امریکہ کا موقف ہے پاکستان اس گروہ سے ہمدردی رکھتا ہے جو پاکستان کی سرزمین سے افغانستان پر حملے کرنے میں مصروف ہے اور اس کے باوجود اس کیخلاف کارروائی کرے پر پرہیز کرتا ہے جبکہ عسکری قیادت نے امریکہ پر ایک بار پھر واضح کیا ہے پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کی ہے اور اب پاکستانی سر زمین پر دہشت گرد و ں کا کوئی منظم نیٹ ورک موجود نہیں، امریکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کیلئے زمینی حقائق کو مد نظر رکھے، افغانستان میں امن واستحکام کیلئے امریکہ کیساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں تاہم امریکہ اس بات کویقینی بنائے کہ افغان سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہو۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک گفتگو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوٹوک اور واضح موقف اختیار کیا اور کہا پاکستان امریکہ کیساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے ،اس خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان نے سب سے بڑھ کر قربا نیا ں دی ہیں اور کردار بھی ادا کیا ہے،اسے امریکی وزیر خارجہ نے بھی سراہا اور کہا امریکہ پاکستان کیساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے تاکہ پورے جنوبی ایشیاء میں قیام امن کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے افغان طالبان کیساتھ مفاہمت کے عمل میں بھی پاکستان کے کردار پر زور دیا جس پر انہیں یقین دلایا گیا کہ اس حوالے سے پاکستان اپنا کردارادا اور تعاون کرنے کو تیار ہے کیونکہ پاکستان امریکہ کو افغانستان میں کامیاب د یکھنا چاہتا ہے ناکام نہیں ، ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورز ی کے معاملات پر بھی بات ہوئی امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا جنوبی ایشیاء میں قیام امن کیلئے تمام انتہا پسند تنظیموں کیخلاف کاروائی ضروری ہے ۔
پومپیو رابطہ

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کر کے انسداد پولیو مہم کی کامیابی پر پاک فوج کے کردار کو سراہا اور مبارک باد دی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اس عظیم مقصد کیلئے بل گیٹس کی کو ششوں کو سراہا اور کہا پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ بل گیٹس نے آرمی چیف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پاکستان سے کامیابی کیساتھ پولیو کے خاتمے میں آرمی کے کرداد کو سراہا۔سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی پولیو کے خاتمے کیلئے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا۔میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف نے بل گیٹس کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج پاکستان کے ہر ممکن مفاد میں تعاون جاری رکھے گی۔

مزید :

صفحہ اول -