عدالتی فیصلے کے بعد پارلیمنٹ اور باقی تین ستون کہا کھڑے ہیں؟، نواز شریف

عدالتی فیصلے کے بعد پارلیمنٹ اور باقی تین ستون کہا کھڑے ہیں؟، نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ کی جانب سے کاغذات نامزدگی فارم سے متعلق فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا پارلیمنٹ کہاں کھڑی ہے، آج ریاست کے باقی تین ستون کہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نے پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں میڈیا اور اپنے حامی وکلا سے غیر رسمی گفتگومیں کیا،اس موقع پر کمرہ عدا لت میں ایک صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ نیب نے ایل این جی معاملہ کی انکوائری کا حکم دیاہے ، اس پر آپ کیا کہیں گے؟، صحافی کے اس سوال پر سابق وزیر اعظم نواز شریف خاموش رہے تاہم ان کی جگہ پرویز رشید نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا اب یہاں سی این جی لائنیں نہیں لگتیں، اختیارات کا غلط استعمال ہوا کام کرنا جرم بن گیا ۔اس موقع پر کمرہ عدالت میں ایک لیگی رہنما نواز شریف کے قریب آئے اور ان کیساتھ سرگوشی کرنے لگے جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اظہار برہمی کیا اور کمرہ عدالت میں بات کرنے پر جھاڑ پلا دی ، انہو ں نے کہا جس نے گفتگو کرنی ہے وہ کمرہ عدالت سے باہر جاکر کرے۔ جس کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحافیوں کے کسی سوال کا جواب نہ دیا اور احتساب عدالت میں کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت سے روانہ ہوگئے ۔
نواز شریف

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے اسلام اور پاکستان کیلئے مجھے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں ، مجھے پانامہ کی بجائے اقامہ پر نااہل قرار دیکر اورپارٹی صدارت سے ہٹا کرقبل از انتخابات دھاندلی کا آغاز کیا گیا،مجھ پر کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہیں کی جاسکی،عوام لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں،اس ملک کے تقریبا20 کروڑ عوام کی نظریں ملکی تر قی میں روڑے اٹکانے والوں پر فوکس ہیں،آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرے گی۔جمعرات کواسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما تنویر اختر شیخ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہمارے بچوں کی دیواروں پر ٹنگے ہوئے کپڑوں اور ان کے گھومنے پھرنے پر بھی نظر رکھی جارہی ہے، سینیٹ الیکشن میں ہمارے امید و اروں کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کردیا گیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہاں ہر بات کا سوموٹو نوٹس لیا جاتا ہے مگر (ن) لیگ کے لوگوں کو دوسری جماعتوں میں شامل کیا جاتا ہے تو اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔ میں نے اخبارات میں ریحام خان کی کتاب اور جمائما خان کی طرف سے ہرجانے کا دعویٰ دائرکرانے کے بارے میں پڑھا ہے،مجھے نہیں معلوم عمران خان کا کیا معاملہ ہے، مسلم لیگی کارکن ملکی ترقی و استحکام کیلئے پہلے کی طرح کمر بستہ رہیں ہم نے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،توانائی منصوبے مکمل کئے ،بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی، مو ٹر و ے،میٹرو بس،اورنج لائن ٹرین دی،سی پیک لائے تاکہ ترقی اور خوشحالی آئے،انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرے گی اور اقتدار میں آکررکے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کیساتھ جدیدنئے منصوبے بھی شروع کریں گے۔ اگر ہمارے پانچ سالہ دور حکومت میں رکاوٹیں نہ ڈالی جاتیں،دھرنے نہ ہوتے توآج ملک میں کوئی نوجوان بے روز گار نہ پھرتا۔

مزید :

صفحہ اول -