گوجرانوالہ: اُمیدواروں سے بیان حلفی لینے کی بھی ہدایات جاری

گوجرانوالہ: اُمیدواروں سے بیان حلفی لینے کی بھی ہدایات جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


گوجرانوالہ(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ضلع کے تمام ریٹرننگ افسران کو سپریم کورٹ کے حکم نامہ کی روشنی میں کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدواروں کے بیان حلفی لینے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ضلع کے 20 ریٹرننگ افسران کو بیان حلفی کی کاپیاں بھی بھجوا دیں ۔ 4صفحات پر مشتمل انگریزی کا بیان حلفی دیکھ کر امیدواروں کے طوطے اڑ گئے ۔ وکلاء کے دفاتر میں امیدواروں اور انکے حمایتیوں نے ڈیرے ڈال دیئے ۔ سپریم کورٹ نے قرضہ معاف کروانے ، 20لاکھ سے زائد قرضے کی تفصیل ، زیر کفالت بچوں کے نام ، پاسپورٹ و ٹیکس نمبر ، انکم ٹیکس نمبر ، تعلیم اور بیوی بچوں کی جائیدادوں سمیت تمام تفصیلات امیدواروں سے بیان حلفی کی صورت میں طلب کرنے کا حکم جاری کیا ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نزیر احمد گجانہ نے قومی اسمبلی کی 6اور صوبائی اسمبلی کی 14سیٹوں کے ریٹرننگ افسران کو سپریم کورٹ کے حکم نامہ پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایات جاری کیں اور ریٹرننگ افسران کو امیدواروں کو پوچھے گئے سوالات پر مشتمل بیان حلفی کی کاپیاں بھی بھجوائی گئی ہیں ۔ قانونی ماہرین کا کہنا تھا کہ سوال نامہ میں جھوٹ بولنے یا کسی امر کو چھپانے کی صورت میں کامیابی کی صورت میں بھی جیتی بازی ہار سکتے ہیں اسلئے کوائف کو ہر گز نہ چھپایا جائے ۔ امیدواروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتہائی مشکل سوال نامہ تیار کیا وہ بھی انگریزی میں جو انکی سمجھ سے بالا تر ہے ۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62اور 63کا اطلاق پہلے ہی کر دیا ہے ، کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں کو سچائی بتانا ہو گی ۔
بیان حلفی

مزید :

صفحہ اول -