بیت المقدس کی آزادی کیلئے غیرت و حمیت بیدار کرنی ہو گی:قاری خلیل احمد سراج

بیت المقدس کی آزادی کیلئے غیرت و حمیت بیدار کرنی ہو گی:قاری خلیل احمد سراج

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)بیت المقدس کی آزادی کیلئے غیرت و حمیت بیدار کرنی ہوگی ۔امریکہ واسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہے ہیں ۔متحدہ مسلم افواج فسلطینیوں کی مدد ومعاونت کیوں نہیں کررہیں ۔ہم فلسطین سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے حامی وموید ہیں ۔ان خیالات کااظہار مذہبی ،سیاسی اور سماجی شخصیات نے مقامی ہوٹل میں شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام منعقدہ سالانہ القدس سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ممتاز عالم دین قاری خلیل احمد سراج نے کہا کہ اہل تشیع کی مثل اہلسنت بھی بیت المقدس کی آزادی کیلئے شعور وآگہی پیدا کریں ۔ہم قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں کی مکمل تائید وحمایت کرتے ہیں ۔ہمیں مسلمانوں کی غیرت وحمیت جگانا ہوگی ۔اسرائیل بچوں اور عورتوں سمیت تمام فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہا ہے ۔میدان جہاد سجایا گیا تو ہم پیش پیش ہونگے ۔پی پی پی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مسلمانوں کی متحدہ افواج کہاں ہے وہ فلسطینی مسلمانوں کی مدد کرتے ہوئے امریکہ واسرائیل کے ظلم وجبر کا سدباب کیوں نہیں کررہیں ۔یہ ممالک صرف اپنی انفرادی حفاظت پر مامور ہیں اسلامی کانفرنس کی صدارت امریکی صدر ٹرمپ کو دی گئی ۔امیدوار این اے 38 ڈیرہ مخدوم علی رضا شاہ نے کہا کہ فرقہ بندی صرف مسلمانوں میں نہیں بلکہ دیگر مذاہب میں بھی ہے ۔پس عالمی میڈیا مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈہ کرتا اور ہمیں منتشر دکھا رہا ہے ہم بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں کی حمایت کیلئے متحد ومنظم ہیں ۔جماعت اہلسنت ڈیرہ کے راہنما صاحبزادہ عابد فاروقی نے کہا کہ بیت المقدس اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کیلئے ہم سب ایک اور امریکہ واسرائیل کے خلاف یکجہت ویکجا ہیں ۔ہمارے درمیان کسی قسم کا اختلاف اور تنازع نہیں ۔صحافی وکالم نویس ابوالمعظم ترابی نے کہا کہ امریکہ کے دوست مسلم حکمران فلسطینیوں کے دوست نہیں ہوسکتے جوامریکہ کا دوست وہ اسرائیل بھی دوست ہے کیونکہ اسرائیل سرپرست امریکہ ہے مسلمانوں کی عالمی قیادت اور پاکستان کی قومی قیادت امریکہ کی دوستی کے وسیلے سے اسرائیل کی ہی دوست ہے ۔کس قدر افسوس کی بات ہے کہ سعودی حکمرانوں کو اسرائیل سے زیادہ ایران سے خوف ہے ۔مسلمانوں کو اپنی قیادتوں بارے نظر ثانی کرنی ہوگی ۔شیعہ علما کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ محمدرمضان توقیر نے کہاکہ فلسطین وبرما میں ایک بھی شیعہ نہیں مگر ہم ان سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے حامی ومددگار ہیں ۔حضرت علی کے ارشاد کے مطابق بھی ظالم مسلم کے بھی خلاف اور مظلوم غیر مسلم کے بھی ساتھ ہیں ۔قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی ہماری غیرت وحمیت کا مسئلہ ہے ۔ اسرائیل ہماری غیرت وحمیت کو چیلنج کررہا ہے ۔ہمیں یہ فخر ہے کہ قائداعظم نے فلسطین کی حمایت کی اور پاکستان کے پاسپورٹ میں اسرائیل کا نام شامل نہیں ۔ تقر یب میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیر ہ فہید اللہ خا ن بھی شریک تھے کمشنر ڈیرہ عبدالغفور بیگ اچانک پشاور جانے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے ۔ان کی نمائندگی ان کے پی اے سجاد نے کی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...