کلرسیداں،دھوکہ سے فراڈسے ہتھیائی گئی گاڑی مخبر کی اطلاع پربرآمد
کلر سیداں(تحصیل رپورٹر) تھانہ کلر سیداں پولیس نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے ہتھیائی جانے والی گاڑی کو مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مار کر کلر سیداں بائی پاس سے برآمد کر لیا ۔یاد رہے کہ سید ظفر علی شاہ سکنہ کلر سیداں نے تھانہ کلر سیداں میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا تھا کہ میں کرکٹ کا نامور کھلاڑی ہوں اور مسمی نوید اشرف قریشی سکنہ گلریز کالونی راولپنڈی جو کہ کرکٹ کا کھلاڑی ہے سے کرکٹ کے حوالے سے عرصہ دراز سے مراسم چلے آ رہے ہیں اور ہم مختلف مقامات پر اکٹھے کرکٹ بھی کھیلتے رہے ہیں۔اس تعلق کی بنا پر نوید اشرف میری لینڈ کروزر پراڈو گاڑی مانگ کر لے گیا جو تا حال واپس نہیں کی۔گاڑی اپنے نام ٹرانسفر کروانے کیلئے گاڑی کے اصل کاغذات بمعہ ٹرانسفر لیٹر جس پر میرے دستخط بھی موجود ہیں ،گاڑی میں ہی رکھے ہوئے تھے اوراس دوران ملزم کی نیت بدل گئی اور اس نے گاڑی واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا۔دریں اثناء مدعی سید ظفر علی شاہ نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ پولیس گاڑی کے ہمراہ ڈرائیور کو بھی گرفتار کر کے تھانے لے آئی تھی جسے بعد ازاں چھوڑ دیا گیا جبکہ تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر طارق کا موقف ہے کہ ڈرائیور کا اس کیس کیساتھ کوئی تعلق نہیں تھا جس کی وجہ سے اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔