بلاؤل بھٹو زرداری ملاکنڈ کے این اے 8 سے الیکشن لڑینگے
سخاکوٹ( نمائندہ پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری ملاکنڈ کے حلقہ این اے 8 سے الیکشن لڑیں گے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملاکنڈکے ضلعی ، تحصیل اور یونین کونسلوں کے تنظیموں سمیت منتخب ممبران نے بلاول بھٹو زرداری کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُسے ملاکنڈ کے لئے اعزاز قردیدیا ۔ ملاکنڈ کے ایک قومی اور دو صوبائی اسمبلی کے نشستو ں کے لئے اُمیدواروں کے ناموں کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا گیا ۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8پر مرکزی چےئرمین بلاول بھٹو زرداری ، صوبائی اسمبلی پی کے 18ملاکنڈ پر صوبائی صدر اور سابق وزیر خزانہ انجینئر محمد ہمایون خان جبکہ حلقہ پی کے 19پر مسلسل تین دفعہ کامیاب ہونے والے سید محمد علی شاہ باچہ پی پی پی کے اُمیدوار ہونگے ۔بلاول بھٹو زرداری کے فیصلے کے خیر مقدم کا اعلان پی پی پی ملاکنڈ کے ضلعی صدر اور ضلعی ناظم ملاکنڈ سید احمد علی شاہ باچہ نے جنرل سیکرٹری غلام صدیق خان اور دیگر ضلعی و تحصیل عہدیداروں اور منتخب ممبران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔پریس کانفرنس کے موقع پرتحصیل صدر درگئی حاجی طیب خان ، جنر ل سیکرٹری محمد یونس خان ، تحصیل نائب ناظم درگئی حاجی اعظم خان ، تحصیل صدر بٹ خیلہ حاجی فدا محمد ، ضلعی کونسلران حاجی اکرم خان ، سفید خان دریاب ،تحصیل کونسلران رشید حسن ، احسان اﷲ خان ، ناظمین کونسلرز اتحاد کے صدر شمشیر علی خان ، ویلج کونسل ناظم فاروق خان ،ناظم ویلج کونسل خانگھڑئی نور رحمان ،کونسلر نورزمان خان ، چےئرمین رفیق خان ، یونین کونسل صدر سخاکوٹ سریر جمال خان ، ملاکنڈ ٹریڈ یونین کے صدر ظہور خان ، جنرل سیکرٹری عنایت خان ، یوسی صدر تھانہ خاص ظہور خان ، جنرل سیکرٹری الطاف خان ، زڑور خان ، فضل قادر اور محبوب الرحمان ، سید مولااورتاج بادشاہ سمیت دیگر سرکردہ کارکنوں اور عہدیدار وں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پرسید احمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام شہیدوں کے وارث بلاول بھٹو کو مثالی ووٹ دینگے کیونکہ ملاکنڈ منی لاڑکانہ کے نام سے مشہور ہے اور انشاء اﷲ بلاول بھٹو کے الیکشن لڑنے اور بھر پور کامیابی سے منی لاڑکانہ مکمل لاڑکانہ میں تبدیل ہو جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا ملاکنڈ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ در اصل ان کی ملاکنڈ کے عوام کیساتھ دلی لگاؤ اور محبت کی واضح مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام اورشہید ذوالفقارعلی بھٹو وژن کے ساتھی اپنے محبوب قائد بلاول بھٹو زرداری کو دیکھنے اور انہیں تاریخی ووٹوں سے کامیاب کرانے کیلئے بے تاب ہیں ۔ ضلعی صدرسید احمد علی شاہ اور جنرل سیکرٹری غلام صدیق خان نے کہا کہ جمہوری جماعتوں کے اندر اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور انشاء اﷲ مرکزی چےئرمین کے ملاکنڈ آنے سے کارکنوں کے اندر پائے جانے والے تمام رنجشیں ختم ہونگے اور مخالفین کی سازشیں اور مذموم مقاصد دم توڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 8کے ٹکٹ کے لئے ملاکنڈ سے بھی متعدد اُمیدواروں نے کاغذات جمع کئے تھیں لیکن ضلعی ، تحصیلوں ، یونین کونسلوں اور ویلج کونسلوں کے تنظیموں اور ٹکٹ کے اُمیدواروں نے مرکزی چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نام پر اتفاق کرکے اُسے باقاعدہ طور الیکشن لڑنے کی دعوت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی چےئرمین اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور شہید بے نظیر بھٹو کے بیٹے کی ملاکنڈ سے الیکشن لڑنا عوام اور کارکنوں کے لئے اعزاز کی بات ہے کیونکہ اسی خاندان نے ملک کے غریب عوام کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور آج اُسی خاندان کے چشم و چراغ نے ملاکنڈ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔