جعلی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی، 20 ہزار لیٹر دودھ موقع پر تلف

عارفوالا (ڈیلی پاکستان آن لائن) برف خانے کی آڑ میں جعلی دودھ کے مکروہ دھندے کا پردہ چاک ہوگیا ، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عارفوالا میں 20 ہزار لیٹر سے زائد جعلی دودھ پکڑلیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عارفوالا کے علاقے میں الفرید آئس فیکٹری پر چھاپہ مار کر جعلی دودھ برآمد کیا۔تین گاڑیوں میں بھرا 20 ہزار لیٹر جعلی دودھ، 200 کلو بناسپتی گھی، 150 کلو یوریا کھاد، 400 کلو خشک دودھ موقع پر تلف کردیا گیا۔ نورالامین مینگل نے بتایا کہ جعلی دودھ تیار کر کے آئس فیکٹری میں فریز کیا جاتا تھا جسے گاڑیوں میں عام دودھ کے ساتھ ملا کر مختلف شہروں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ آئس فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے موقع سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے واضح کیا کہ ناقص دودھ سپلائی کرنے والوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ انہیں دوسرا موقع دیا جائے گا کیونکہ ناقص دودھ بیچنے والے بچوں کی صحت اور مستقبل سے کھیلتے ہیں۔