کیا آپ کو معلوم ہے ٹوتھ برش پر اس طرح کے الگ الگ رنگ کیوں ہوتے ہیں؟ اصل وجہ ایسی جو آپ نے کبھی سوچی بھی نہ ہو گی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ٹوتھ برش، بالخصوص بچوں کے ٹوتھ برش پر موجود ریشے رنگ برنگے اور مختلف اشکال کے کیوں ہوتے ہیں؟ اب ایک برطانوی خاتون نے ان کے متعلق ایسا انکشاف کر دیا ہے جو سالہا سال سے ٹوتھ برش استعمال کرنے کے باوجودکبھی کسی کے ذہن میں نہیں آیا ہو گا۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی علاقے مرسیسائیڈ کے شہر ساؤتھ پورٹ کی 34سالہ ہولی بین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر بتایا ہے کہ ان رنگ برنگے ریشوں کے دائرے اور دیگر اشکال دراصل ٹوتھ پیسٹ کی مناسب مقدار بتانے کے لیے بنائے جاتے ہیں تاکہ ہم یا ہمارے بچے ضرورت سے زیادہ پیسٹ استعمال نہ کریں۔
ہولی بین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’میرے دو بچے ہیں لیکن آج سے پہلے مجھے بھی معلوم نہیں تھا کہ ان رنگوں اور اشکال کا مقصد کیا ہے۔ آپ میں سے کس کو یہ پہلے سے معلوم تھا؟‘‘ہولی بین کو کمنٹس میں جواب دیتے ہوئے لگ بھگ سبھی صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں بھی اس کا پہلے علم نہیں تھا۔ للی ایلس نامی ایک لڑکی نے لکھا کہ ’’میں سمجھتی تھی یہ رنگ برنگے ریشے اور اشکال ٹوتھ برش کو خوبصورت بنانے کے لیے ہوتی ہیں۔ لوئس سیڈلر نامی خاتون کاکہنا تھا کہ ’’میں دو بچوں اور 3پوتے پوتیوں والی ہوں لیکن مجھے بھی یہ آج ہی تمہاری پوسٹ سے پتا چلا۔‘‘