ان آدمیوں نے اپنے اوپر اس طرح ایلومینیم فوائل کیوں لپیٹا ہوا ہے؟ اس حرکت کی وجہ جان کر آپ کی ہنسی نہ رکے گی

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی سمگلر لوگوں کو بارڈر عبور کرانے کے نت نئے طریقے اختیار کرتے ہیں لیکن گزشتہ روز ترکی میں 7 عراقی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو ایسے طریقے سے سرحد عبور کر رہے تھے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ نوجوان ایک کنٹینر میں بند تھے اور انہوں نے اپنے پورے جسموں پر ایلومینیم کا ورق لپیٹ رکھا تھا تاکہ ایکسرے مشین ان کی کنٹینر میں موجودگی کا سراغ نہ لگا سکے۔ تاہم ان کا یہ طریقہ کامیاب نہ ہو سکا اور ایکسرے مشین نے کنٹینر میں ان کی موجودگی کی نشاندہی کر دی جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کنٹینر کے ڈرائیور کو استنبول کی پینڈک بندرگاہ پر کسٹمز حکام نے روکا تو اس نے بتایا کہ کنٹینر کے اندر کاروں کے پلاسٹک کے پارٹس موجود ہیں۔ تاہم آفیسرز کو کنٹینر کے وزن سے شبہ ہوا جس پر انہوں نے اسے ایکسرے مشین سے گزارنے کا فیصلہ کیا۔ جب مشین کی نشاندہی پر کنٹینر کو کھولا گیا تو اس میں 7نوجوان موجود تھے جنہوں نے اپنے جسموں پر ایلومینیم کا ورق چڑھا رکھا تھا تاہم ان کے کندھے، بازو اور ٹانگوں کے کچھ حصے ننگے تھے جس کی وجہ سے وہ ایکسرے مشین کی زد میں آ گئے۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا ہے اور ان آٹھوں افراد سے تفتیش جاری ہے۔