ایران کے’’ تبریز ‘‘ ایئر پورٹ پر ہیکروں کا حملہ
تہران(آن لائن) ایرانی حکومت کے مخالف ہیکروں نے ایران کے دوسرے ہوائی اڈے کے کمپیوٹر سسٹم پر حملہ کیا اور تبریز انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی ٹیلی ویژن سکرینوں پر حکومت مخالف نعرہ چسپاں نظر آیا۔
غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق 2 ہفتے قبل ایک اور بڑے ایرانی شہر کے ہوائی اڈے کی ٹیلی وڑن سکرینوں پر یہ نعرہ دکھائی دے چکا ہے۔سرکاری کنٹرول کے اخبار ’ایران‘ نے تبریز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹیلی ویژن سکرینوں پر نظر آنے والی تصویر ٹویٹ کی ہے۔تپندگان نامی ایک گروپ نے ایئر پورٹ کے کمپیوٹر سسٹم ہیک کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ٹویٹر اکاؤنٹ سے انہوں نے پوری سکرین کا ایک حکومت مخالف گرافک پیغام ایئر پورٹ کی تمام ٹیلی ویژن سکرنیوں پر پوسٹ کر دیا جو 4 گھنٹوں تک وہاں موجود رہا۔اس گرافک میں سیاہ پس منظر میں سفید اور سرخ رنگوں سے عبارت لکھی ہوئی تھی اور گروپ کا لوگو دائیں جانب سب سے اوپر تھا۔