ایمریٹس ایئر لائن نے بغیر کھڑکیوں والے جہاز بنانے کا فیصلہ کر لیا ، ایسا کرنے سے کیا فائدہ ہوگیا ؟ جان کر آپ کی حیرت کی انتہا نہ رہے گی

ایمریٹس ایئر لائن نے بغیر کھڑکیوں والے جہاز بنانے کا فیصلہ کر لیا ، ایسا کرنے ...
ایمریٹس ایئر لائن نے بغیر کھڑکیوں والے جہاز بنانے کا فیصلہ کر لیا ، ایسا کرنے سے کیا فائدہ ہوگیا ؟ جان کر آپ کی حیرت کی انتہا نہ رہے گی

  

دبئی سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) فضائی سفر کرنے والوں کیلئے ہزاروں فٹ کی بلندی پر اڑتے جہاز کی کھڑکی سے باہر دیکھنا ، تاحد نگاہ پھیلے بادلوں اور پہاڑوں پر نظر ڈالنا ، بہت ہی دلکش تجربہ ہوتا ہے لیکن اب یہ سب کچھ بدلنے والا ہے۔ دنیا کی صف اول کی ایئر لائن ایمریٹس نے پہلی بار ایسے ہوائی جہاز متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے جن میں کھڑکیاں نہیں ہوں گی ۔ جی ہاں، بات تو حیرت کی ہے لیکن معاملہ کچھ یوں ہی ہے کہ ایمریٹس ایئر لائن ایسے ہوائی جہاز متعارف کروانے جارہی ہے جن میں حقیقی کھڑکیوں کی جگہ ورچوئل کھڑکیاں ہوں گی۔ دراصل کھڑکی کی جگہ سکرین ہوگی جس پر باہر کے مناظر کیمرے سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو کی صورت میں نظر آئیں گے ، یعنی آپ کو باہر کے حقیقی بادل اور پہاڑ نظر نہیں آرہے ہوں گے بلکہ محض ان کی تصاویر کھڑکیوں کی جگہ لگی سکرینوں پر نظر آرہی ہوں گی۔ 

ایمریٹس ایئر لائن کے صدر ٹم کلارک نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’سکرین پر نظر آنے والے مناظر کی کوالٹی اتنی اچھی ہوگی کہ یہ حقیقی مناظر سے زیادہ خوبصورت نظر آئیں گے ۔ یہ بالکل ایسا ہی ہوگا جیسے آپ ونڈو والی سیٹ پر بیٹھ کر باہر دیکھ رہے ہوں ۔ تو کیا اس ٹیکنالوجی کی ساتھ ہوائی جہازوں کی نئی جنریشن کھڑکیوں کے بغیر ہوسکتی ہے ؟ میرے خیال میں تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ ایسا نہ ہوسکے۔ یہ ہوائی جہاز نسبتاً ہلکے ہوں گے اور یہ تیز پرواز کر سکیں گے ۔ یہ ایندھن کا استعمال بھی کم کریں گے اور زیادہ بلندی پر بھی پرواز کر سکیں گے ۔‘‘ ٹم کلارک کا مزید کہنا تھا کہ نئے ڈیزائن کے ساتھ ہوائی جہاز پہلے سے زیادہ محفوظ بھی ہوں گے جبکہ کھڑکیاں ختم کردینے سے جہاز کے سٹرکچر میں ان کی وجہ سے موجود کمزوری بھی ختم ہو جائے گی اور یوں طیارے پہلے کی نسبت زیادہ مضبوط ہونگے۔

مزید : بین الاقوامی