ریڈکراس نے جنگ زدہ یمن سے اپنے عملہ کے 71 ارکان کو تحفظ کے پیش نظر واپس بلا لیا
نیویارک(این این آئی)بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی ( آئی سی آر سی) نے جنگ زدہ یمن سے اپنے عملہ کے 71 ارکان کو ان کے تحفظ کے پیش نظر واپس بلا لیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریڈکراس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہاکہ اب ہم خطرناک رجحانات دیکھ رہے ہیں ۔ ہماری موجودہ سرگرمیاں کو روکنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔حالیہ ہفتوں کے دوران میں براہِ راست دھمکیاں دی گئی ہیں، حملے کیے گئے ہیں اور ہماری تنظیم کو اس تنازع میں کھینچنے کی کوشش کی گئی ہے۔یمن میں مشن کو ماضی میں متعدد مرتبہ دھمکیاں دی گئی ہیں۔2 ماہ قبل عملہ کے ایک رکن کو ایک مسلح شخص نے گولی مار کر قتل کردیا تھا،اس کے بعد تو ہم مزید کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے ہیں۔ہمارے عملہ کو تنازع کے فریقوں کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں مگر یمن میں عملہ کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے۔
بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی کے ترجمان کے مطابق یمن میں اس وقت عملہ کے 450 ارکان کام کررہے ہیں۔واضح رہے کہ حوثی باغی ماضی میں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ملازمین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں اور انھوں نے آل حوبان میں اس کے ہیڈ کوارٹر کو بند کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔