پر اسرار بیماری، چین سے مزید امریکی اہلکار نکال لیے گئے

پر اسرار بیماری، چین سے مزید امریکی اہلکار نکال لیے گئے
پر اسرار بیماری، چین سے مزید امریکی اہلکار نکال لیے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے چین میں تعینات عملے کے مزید ارکان کو اس خدشے کے بعد واپس بْلا لیا ہے کہ یہ افراد ایک پْر اسرار بیماری کا شکار ہوئے ہیں۔ 
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیاکہ کئی ایک افرادکو ابتدائی معائنے کے بعد واپس امریکا بھیجا گیا ہے جہاں تفصیلی طبی جانچ کی جائے گی۔ امریکی طبی ماہرین کی ایک ٹیم چین کے جنوبی شہر گوانگ ڑو بھیجی گئی تھی، جہاں ایک امریکی اہلکار کے کانوں میں پر اسرار آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ گزشتہ ماہ اس شخص میں ’برین ٹراما‘ کی تشخیص ہوئی تھی جس سے ایسے خدشات نے جنم لیا کہ امریکا کے حریف ملک چین نے کوئی ایسا صوتی یا مائیکرو ویو آلہ تیار کر لیا ہے جو کسی انسان کو دماغی طور پر نقصان پہنچا سکتا ہے۔امریکی حکام کے مطابق اس شخص میں پائی جانے والی علامات بالکل ویسی ہی ہیں جیسے گزشتہ برس کیوبا میں تعینات بعض امریکی اہلکاروں میں پائی گئی تھیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق گوانگ ڑو میں پہلا ایسا کیس سامنے آنے کے بعد وہاں تعینات دیگر امریکی اہلکاروں اور ان کے خاندان کے افراد کو طبی جانچ پڑتال کی پیشکش کی گئی۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امریکی طبی ماہرین، متاثرہ افراد کی مکمل جانچ پڑتال جاری رکھیں گے تاکہ بیان کی گئی علامات کی وجہ تک پہنچا جا سکے اور یہ دیکھا جا سکے کہ آیا یہ علامات پہلے سے متاثرہ حکومتی اہلکاروں میں پائی جانے والی علامات جیسی ہیں یا ان کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔