ورلڈ کپ، بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا اپنے میچز میں کامیاب

ورلڈ کپ، بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا اپنے میچز میں کامیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن /ناٹنگھم/برسٹل(آئی این پی)بارہویں آئی سی سی کر کٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے جنوبی افریقہ،نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش اورآسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی۔آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15رنز،نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو2وکٹوں اوربھارت نے جنوبی افریقہ کو6وکٹوں سے شکست دی۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈکپ 2019کے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی آدھی ٹیم 79رنز پر آؤٹ ہوجانے کے باوجود آسٹریلیوی ٹیم 49اوورز میں 288رنز پر آؤٹ ہوئی۔آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ 6، وارنر3، عثمان خواجہ 13، گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے،مارکس اسٹوئنس 19، الیکس کیرے 45، اسمتھ 73 اور کولٹر نائل نے 4چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 92 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو اچھا ہدف دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ نے 3، آندرے رسل اور شیلڈن کوٹرل، اوشانے تھومس نے 2،2 جب کہ جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر279رنز بنا سکی۔نکولس پورن 40،ہوپ 68، شمرون ہیٹمیئر 21، آندرے رسل 15، کارلوس بریتھ یوٹ 16،کپتان جیسن ہولڈر 51رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لندن میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم آخری اوور میں 244رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ بنگلا دیش کی جانب سے سومیا سرکار 25،تمیم اقبال 24، شکیب الحسن 64، مشفق الرحیم 19، محمد متھن 26، محمد اللہ 20، مصدق حسین 11اور محمد سیف الدین نے 29رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 4اور ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف47.1اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، گپٹل 25، منرو 24، ولیمسن40، ٹیلر نے 82، کولن گرینڈ ہوم 15 اور جیمز نیشام 25رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن رضا، محمد سیف الدین، شکیب الحسن اور مصدق حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ایک اور میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 228رنز کا آسان ہدف دیا جو بھارت نے 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، دھون 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ کے لیے آئے مگر وہ بھی 18 رنز ہی بناسکے، لوکیشن راہل نے 26 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ایم ایس دھونی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 رنز بنائے۔ایک سائٹ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسرے اینڈ سے روہت شرما نے وکٹ روکے رکھی اور شاندار سنچری اسکور کی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ وہ 122 رنز پر ناقابل شکست رہے۔