شطرنج کے فروغ کیلئے وسائل بروئے کار لائیں گے: سعدیہ قریشی

شطرنج کے فروغ کیلئے وسائل بروئے کار لائیں گے: سعدیہ قریشی

  



اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان شطرنج فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل سعدیہ قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں شطرنج کے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، فیڈریشن ملک میں شطرنج کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور حکومت دیگر کھیلوں کی طرح شطرنج کے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے۔ گذشتہ روز ”میڈیا“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ شطرنج کا کھیل بہت پرانا ہے، پاکستان میں بہت جلد دیہی اور شہری علاقوں میں مقبولیت اختیار کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں لوگ یہ کھیل بڑے شوق سے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شطرنج کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت اس کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور فیڈریشن اس کھیل کو تعلیمی اداروں میں بھی متعارف کروا رہی ہے اور کالجز اور یونیورسٹی کی سطح پر شطرنج کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل ملک میں حکومت اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور حکومت دیگر کھیلوں کی طرح شطرنج کے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے۔ ایک سوال کے جواب میں سعدیہ قریشی نے کہا کہ کسی بھی ملک کھیلوں کی ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے اور حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کھلاڑی کو وہ مقام نہیں مل رہا جو غیرملکی کھلاڑیوں کو مل رہا ہے اور ہمارا سب سے بڑا مسئلہ کھلاڑیوں کی بے روزگاری ہے۔

ہمارے کئی اولیمپیئن، عالمی اور ایشین ہیروز پکوڑے، سبزیوں اور فروٹ کی ریڑھیاں لگا رہے جہنوں نے اپنی جوانی میں میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا۔ حکومت کو چاہیے کہ کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...