سلمان خان نے لوگوں کے سامنے سکیورٹی گارڈ کو تھپڑ دے مارا
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان نے اپنی نئی فلم ’بھارت‘ کے پریمئیر کے موقع پر آئے بچے سے بدسلوکی پر سیکڑوں مداحوں کے سامنے اپنے سکیورٹی گارڈ کو تھپڑ دے مارا۔سلمان خان بالی ووڈ کے ایسے اداکار ہیں جو اپنے غصے کی بدولت ہمیشہ سرخیوں میں رہتے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ ان کی نئی فلم ”بھارت“ کے پریمئیر کے موقع پر بھی پیش آیا جب انہوں نے اپنے ہی سکیورٹی گارڈ کو سیکڑوں مداحوں کی موجودگی میں تھپڑ دے مارا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اپنی نئی فلم ”بھارت“ کے پریمئیر میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، انہیں دیکھنے کے لیے مداحوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے، ان کی آمد کے ساتھ ہی مداحوں میں جوش و جذبہ بھی بڑھ جاتا ہے اور سکیورٹی گارڈ انہیں سلمان خان سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، اسی دوران سلمان خان اپنے ایک سکیورٹی گارڈ کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرتے ہیں اور سینما گھر کی جانب چلے جاتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اس سکیورٹی گارڈ کو تھپڑ وہاں ان سے ملاقات کے لیے آنے والے بچے سے کی گئی بدسلوکی پر مارا۔ واقعے کی وڈیو وائرل ہوتے ہی سلمان خان کو اس حرکت پر حق بجانب قرار دیا جارہا ہے، وہیں ان کی تنقید بھی جارہی ہے۔