خاتون ہلاکت کیس،ڈولفن اہلکار کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روزکی توسیع
لاہور(نامہ نگار)ڈولفن اہلکار کی فائرنگ سے نشترکالونی کے علاقہ میں خاتون کی ہلاکت کے کیس میں ملوث اہلکار حسیب حسن کو ماڈل ٹاؤن کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، فاضل جج نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روزکی توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ڈولفن فورس کے اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون کے خاوند وارث مسیح کی مدعیت میں پولیس نے 4ڈولفن اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کررکھاہے۔
،ایف آئی آرکے مطابق ڈولفن اہلکارنشترکالونی میں نشہ کرنے والے افراد پرہوائی فائرنگ کررہے تھے کہ اسی اثناء میں ایک ڈولفن اہلکارحسیب حسن نے سیدھا فائرکردیاجو وہاں سے گزرنے والی نسرین بی بی کے سر پرلگا اور اس کی موقع پرہی موت واقع ہوگئی،جاں بحق ہونے والی نسرین بی بی کا بیٹا بھی پولیس اہلکار ہے۔