رمضان میںعوام کو لوٹنے والوں میں اہم کردار آڑھتیوں کا ہے، میاں زاہد حسین
کراچی (اکنامک رپورٹر )معروف صنعت کار میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میںعوام کو لوٹنے والوں میں سب قابل ذکر کردار آڑھتیوں کا ہے۔اس مافیا کے خاتمہ سے شہریوں کو اشیائے خورد و نوش مناسب قیمت پر مل سکتی ہیں اور کاشتکاروں کوانکی محنت کا صلہ مل سکتا ہے۔اربوں روپے کمانے کے اور ٹیکس سے مبرا آڑھتی مافیا زرعی شعبہ کی تباہی، کاشتکاروں کی غربت اور ملک میں فوڈ سیکورٹی کے مسائل کی ذمہ دار ہے ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ کاشتکاروں سے جو چیز بیس روپے فی کلو میںخریدی جاتی ہے وہ مارکیٹ میں سو روپے فی کلو سے زائدکی بیچی جاتی ہے جس سے کسان اور صارف کا استحصال ہوتا ہے جبکہ آڑھتیوں کی چاندی ہو جاتی ہے۔کسی کاروبار میں80 سی85فیصد تک منافع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے مگر پھلوں، سبزیوں، دودھ اور گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں کیونکہ مڈل مین کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔انکے کاروبار کی جانچ پڑتال کا کوئی نظام موجودہے نہ ہی منافع کی کوئی حد متعین ہے ۔یہ طبقہ منافع نہیں کما رہا بلکہ بھتہ خوری کر رہا ہے ۔جب تک زرعی شعبہ کی دستاویز بندی نہیں ہوتی عوام اور کاشتکار لٹتے رہیں گے۔