شہدا کے اہلخانہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرناا ولین مقصد، آئی جی پنجاب

شہدا کے اہلخانہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرناا ولین مقصد، آئی جی پنجاب

  



لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ قوم کے مستقبل کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پنجاب پولیس کا قابل فخرسرمایہ ہیں جن کے لواحقین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار عید کے پر مسرت لمحات میں انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ داتا دربار کے شہدا سمیت شہید پیکج کی منظوری پانے والے دیگر شہدا پولیس کے اہل خانہ کو عید سے قبل چیک بھجوائے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں تمام شہدائے پولیس کی فیملیز کو بھی عید گفٹ بھیجے گئے ہیں۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد یاد گار شہدا ء پر حاضر ی دینے کے بعد کیا۔ آئی جی پنجاب نے شہدائے پولیس کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ انہوں نے پولیس لائنز کے ملازمین اور شہدا ء کے بچو ں میں عیدی تقسیم کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کے تمام مسائل میرے اپنے مسائل ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا میرا اولین مقصد ہے۔

س موقع پر آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کے سینئر افسران کو عید کے تینوں دنوں میں شہر کی سکیورٹی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے اہم ہدایات بھی دیں۔پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر،جے ڈی جی آئی بی لاہور فاروق مظہر، سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنزپنجاب کیپٹن (ر) عطاء محمدمیو، ڈی آئی جی ایس پی یو سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان،سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک سمیت دیگرحاضر سروس و ریٹائرڈ افسران و اہلکار موجود تھے۔مزید برآں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ملتان میں دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک کانفرنس کی جس میں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کیپٹن (ر) عطاء محمدمیوکے علاوہ آر پی او ملتان وسیم احمد خان سیال اور سی پی او ملتان عمران محمود سمیت ملتان پولیس کے سینئر افسران شریک ہوئے۔آئی جی پنجاب نے عید کے روز ہلاکتوں کے واقعہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایس ڈی پی او جلال پور پیر والا ملتان محمد سلیم اختر کو فوری طور پر معطل کر دیا اور سی پی او ملتان عمران محمود،ایس ایس پی آپریشنز ملتان کاشف اسلم اور ایس پی صدر ملتان مصطفی بہوڑ سے ایکسپلینیشن(جواب طلبی)کی جبکہ آر پی او ملتان نے آئی جی پنجاب کو صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے 8نامزد ملزمان،خرم، اظہر، جواد، حنیف، سلیم، حسیب، یٰسین اور شاہد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس ٹیمیں ریڈ کررہی ہیں۔آئی جی پنجاب کے حکم پر علاقہ میں امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے عارضی پولیس چوکی قائم کر دی گئی ہے۔

مزید : علاقائی