پاکستانی عوام مریم صفدر اور سازشی ٹولہ کے بہکاوے میں نہیں آئینگے: فردوس عاشق اعوان 

پاکستانی عوام مریم صفدر اور سازشی ٹولہ کے بہکاوے میں نہیں آئینگے: فردوس عاشق ...

  



سیالکوٹ/اسلام آباد (آن لائن،آئی این پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں مریم کے پاپا اور ایک عام مجرم کو یکساں سہولیات میسر ہیں، پاکستان کے عوام مریم بی بی اور سازشی ٹولہ کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈسکہ میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈان لیکس والے ٹولے نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان کی سلامتی خطرہ میں ہے، پاکستان کو خطرہ اس وقت تھا جب آپ نے راز فروخت کئے، جب آپ نے گلابی پگڑیاں تبدیل کیں، جب آپ نے منی لانڈرنگ کی، لندن میں محل بنائے اور لوٹ کھسوٹ کی پاداش میں آپ کے والد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں اور ابھی آپ ضمانت پر ہیں اور آپ کو بھی جیل جانا ہے آپ کے اپنے بھائی تو لندن میں ہیں وہ تو آپ کی بات سننے کیلئے تیار نہیں، آپ قوم کے نوجوانوں کو کیوں ورغلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں اور افواج پاکستان کے جوان ہر محاذ پر لڑ رہے ہیں اور عمران خان اپنے ہر سپاہی کی پشت پر کھڑے ہیں اور وہ آپ کو بجٹ فراہم کریں گے اور ہم اپنی دفاعی ضروریات سے غافل نہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر یقین کامل ہے پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ملک پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے کندھے سے کندھا ملا کر اپنے بجٹ میں کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے 70 سال تک قانون کو یرغمال بنا کر معیشت کا بیڑہ غرق کیا اب وہ قانون کے تابع ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں دہشت گردی کی وجوہات تلاش کرنا ہیں۔نوازشریف کی زبان پر کبھی کلبھوشن کا نام آیا، یہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ہمیں اس کا بھی جواب تلاش کرنا ہے۔علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم صفدر والد کو ملک اور قوم پر ترجیح نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون نے سزا دی ہے تو اسے تسلیم بھی کریں۔سوشل میڈیا پر بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاناما میں پوری قوم کے سامنے انکشافات ہوئے، مریم صاحبہ اور ان کے والد گرامی اور بھائیوں کے تضادات پر مبنی انٹرویوز ہم نے نہیں چلوائے تھے؟فردوس عاشق نے یہ بھی کہا کہ، ٹیلیگرافک ٹرانسفرز اور پاپڑ والے کے اکاؤنٹس بھرنے کا جواب نہیں آیا؟، شہباز شریف صاحب قانون آپ کی آمد کا منتظر ہے، امید ہے آپ اپنے بیٹے اور داماد کو بھی ساتھ لائیں گے۔قبل ازیں ایک انٹرویو میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے احساس پروگرام کا اجرا کیا ہے جس کا مقصد وزیراعظم عمران خان کے نصب العین کے تحت معاشرے کے غریب اور نادار طبقے کے حالات بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ کسی بھی وزارت میں کسی قسم کی بدعنوانی نہیں ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے اس لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اولڈ ایج ہوم مسکن میں مقیم بے سہارا لوگوں کے ساتھ عید منائی اور ان میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولڈ ایج ہوم بے سہارا لاوارث لوگوں کیلئے بہترین رہائشی سہولتوں کا بندوبست ہے اور بے سہارا لوگوں کی دعائیں ان کی زندگی کا اثاثہ ہیں۔

 فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول


loading...