وزیر اعظم کی کامیابی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں،پرویزالٰہی،چودھری شجاعت

وزیر اعظم کی کامیابی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں،پرویزالٰہی،چودھری شجاعت

  



لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی کیلئے کوششیں کرر ہے ہیں، اپوزیشن کے پاس کچھ نہیں، مزدور اور عوام اگر اپنے مسائل کیلئے باہر نکلے تو اپوزیشن ان کا جلوس کیش کروائے گی جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، ہمیں عید پر پاک فوج اور سول اداروں کے شہداء کو نہیں بھولنا چاہئے جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا جس کے باعث حالات خراب ہیں ہم وزیر اعظم کو کامیاب کروانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مہنگائی اور دیگر مسائل پر مزدور یا عوام کوئی جلوس نکالے گی تو اپوزیشن اس کو کیش کروائے گی اپوزیشن کے اپنے پاس کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات بہتر ہونے چاہئیں۔ فوج کی جانب سے بجٹ کم کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کے اپنے مسائل اور دکھ ہیں جسے حکومت مخالف فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وقت ہے کہ سمجھداری سے کام لیا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو تکلیف نہیں ریلیف دیناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری نے چاند نکال کر دکھا دیا ہے تاہم وہ غیر منتخب چاند کا گلہ کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جسٹس افتخار چودھری اور آج کے معاملے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کو بہتر ہونا چاہئے۔ اس موقع پر مونس الٰہی، شافع حسین، حسین الٰہی، موسیٰ الٰہی، کرم الٰہی اور مسلم لیگی رہنمابھی موجود تھے۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور خاندان کے دیگر افراد نے نماز عید گجرات میں ادا کی اور چودھری ظہورالٰہی شہید اور چودھری منظورالٰہی مرحوم سمیت دیگر بزرگوں کی قبور پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام، اہم شخصیات، لیگی رہنماؤں و کارکنوں اور بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد ان سے عید ملی۔

چودھری شجاعت

مزید : صفحہ اول


loading...