وزیر اعلٰی پنجاب کا 3روزہ کوہ سلیمان میلہ منعقد کرانے کا اعلان 

وزیر اعلٰی پنجاب کا 3روزہ کوہ سلیمان میلہ منعقد کرانے کا اعلان 

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوہ سلیمان میلہ منعقد کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ3روزہ میلے میں فوڈ سٹریٹ اورلوک موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا،میلے میں سیاحوں کیلئے کیمپنگ کیساتھ ساتھ پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ڈیرہ عازی خان میں اعلی سطی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اوردیگر علاقوں کے زیر تکمیل اورنئے منصوبوں کے بار ے میں بریفنگ دی گئی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نے وزیراعلیٰ کو کوہ سلیمان میلے کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر ٹورازم سنٹرز بنائیں گے کیونکہ سیاحت کے فروغ سے معاشی سرگرمیاں فروغ پاتی ہیں اورمقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔قبل ازیں بارتھی میں معززین علاقہ اورعمائدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کیااور ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث دوردراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کیے جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ قومی وسائل ضائع کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہر علاقے کی یکساں اورمتوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔معروف دانشور،ناول و ڈرامہ نگاراورافسانہ نویس ڈاکٹر انور سجادکے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب نے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر انورسجاد مرحوم کی اردوادب کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اردو ادب کا اثاثہ تھے اورانہوں نے اپنے منفرد اسلوب کے ذریعے اردو ادب میں بلند مقام حاصل کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عید کا دوسرا روزاپنے آبائی علاقے بارتھی میں گزارا۔وزیراعلیٰ کی بارتھی آمد پر قبائلی سرداروں،عمائدین،معززین،کارکنوں اورمقامی انتظامیہ نے استقبال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بارتھی میں قبائلی سرداروں،عمائدین،معززین اورکارکنوں نے ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچ روایت کے مطابق ”حال احوال“ کی محفل میں شرکت کی۔”حال احوال“ کی روایتی محفل میں بلوچ قبائل نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔”حال احوال“ کی نشست میں بزدار قبیلے، مقدمین اورمعززین کا وزیراعلیٰ سے مقامی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ”حال احوال“ کے شرکاء سے بلوچی زبان میں تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اوراتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے،ترقی کیلئے سب کو ہاتھ بٹانا ہوگا۔آپس کے جھگڑے ختم کرنے سے ترقی اورخوشحالی آئے گی۔اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب نے بارتھی میں اپنے والد مرحوم سردار فتح محمد خان بزدار کی آخری آرام گاہ پرحاضری دی اورمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔علاوہ ازیں ہرنائی میں سکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے زیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے شہیداہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیاہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔پی ٹی وی نیوز لاہور کے بیورو چیف فیاض احمدوڑائچ کے والدکے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے تعزیتی پیغام میں فیاض احمد وڑائچ اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید الفطر کی نمازپولیس لائنز لاہورمیں ادا کی اور لوگوں سے عیدملے۔وزیراعلیٰ نے ملک کی ترقی، خوشحالی،استحکام،دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعابھی کی۔بعدازاں ایس او ایس ویلج کادورہ،بچوں اوربچیوں میں عید تحائف تقسیم کیے،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عید الفطر کے روزچائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو بھی گئے، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں مقیم بچوں اوربچیوں کو عید کی مبارکباد دی اوربچوں کے ہاسٹل کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جلال پور پیروالامیں دو گروپوں میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا ہے اور کہاہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کریں گے اورجاں بحق افراد کے لواحقین کو انصاف ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول


loading...