پاک آرمی کا دفاعی بجٹ میں رضاکارانہ طور پر کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے، زاہد قاسمی

پاک آرمی کا دفاعی بجٹ میں رضاکارانہ طور پر کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے، زاہد ...

  



لاہور(پ ر)مرکزی علماء کونسل پاکستان آرمی کی طرف سے دفاعی بجٹ میں رضاکارانہ طور پر کمی کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔مسلح افواج نے مشکل کی اس گھڑی میں بہت بڑی مالی قربانی دی ہے۔ بلوچستان میں عید کے دن بھی دو جوانوں نے جام شہادت نوش کرکے جان کی قربانی دیکر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ہماری پاک فوج کی دفاعی صلاحیت اورجوانوں کے معیار زندگی پر ہمیں فخر ہے۔آرمی چیف کا دفاعی بجٹ میں کمی کے اعلان کا اثر پوری دنیا میں ہوگا۔

پاک فوج کا مورال پہلے بھی بلند تھا اور اس اعلان کے بعد مزید عزت میں اضافہ ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ فوج اور دفاع وطن کیلئے قربانیاں دینے والوں کے ورثاء کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے اور عالمی مالیتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ جات ہوئے ہیں وہ قوم کے سامنے بھی لائے جائیں اور قومی اسمبلی کے فورم پر بھی زیر بحث لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع جو صوبہ میں ضم ہوئے ہیں وہاں پر تعلیمی ادارے،ہسپتال اور عوام کو بنیادی سہولیتیں فراہم کی جائیں۔بجٹ میں مہنگائی کے طوفان پر قابو پایاجائے اور آنے والے بجٹ کو کفایت شعاری کا بجٹ بنایا جائے۔ تمام ادارے بشمول سویلین ان کے بجٹ میں بھی کفایت شعاری سے کام لیا جائے بالخصوص وفاقی وزارتوں کے بجٹ میں کمی لائی جائے اور وزراء کی شاہ خرچیاں روکی جائیں۔اجتماع کے آخر میں انہوں نے حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے مساجد اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی اور بہتر سے بہتر فول پروف انتظامات کرکے شہریوں کو جو تحفظ فراہم کیا ہے اس پر پولیس اور تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

حافظ محمد طیب قاسمی (سیکرٹری اطلاعات مرکزی علماء کونسل) 0302-7112115

مزید : میٹروپولیٹن 1