شہری بسیار خوری سے پرہیز کریں، ڈاکٹر اسرار الحق طور

شہری بسیار خوری سے پرہیز کریں، ڈاکٹر اسرار الحق طور

  



لاہور(پ ر) رمضان المبارک کے بعد کھانے پینے میں اعتدال سے کام لینا چاہیے اور ایک ماہ کے روزوں کے بعد معدے پر فوری طور پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔لاہور جنرل ہسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر اسرار الحق طور نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بسیار خوری سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے شوگر، بلڈ پریشر،کولیسٹرول اور امراض قلب کے مریضوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے معمول میں ایک دم تبدیلی انسانی جسم کو متاثر کر سکتی ہے اور مریضوں کو اس ضمن میں خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر اسرار الحق طور نے کہا کہ دوائیوں کے استعمال کے علاوہ پرہیز کی زیادہ اہمیت ہے او ر کھانے پینے میں اعتدال نہ برتنے کے مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے دنوں میں بھی زیادہ کھانے کے متعدد مریضوں نے ہسپتالوں کا رخ کیا ہے اور اب عید کے بعد کے دن بھی اہمیت کے حامل ہیں جن میں کھانے پینے بالخصوص چٹ پٹے اور مرغن پکوانوں سے پرہیز کرنا چاہیے تاکہ کسی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پروفیسر اسرار الحق طور کا کہنا تھا کہ کولڈ ڈرنکس اور مصنوعی مشروبات کا استعمال بھی تیزابیت اور گیسڑو کاا باعث بن سکتا ہے جس کا خیال رکھنا ضروری ہے،اسی طرح والدین کو اپنے ساتھ ساتھ بچوں کے کھانے پینے پر بھی نگاہ رکھنی چاہیے اور انہیں بازاری کھانوں سے بچانا چاہیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...