چھٹیاںختم ، ریلوے سٹیشنوں ، بس اڈوں پرپھر رش، بلیک مافیا مالامال
ملتان ( سٹی رپورٹر)عید کی چھٹیاں ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ 24جون تک بند ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں سے لاکھوں ملازمت پیشہ افراد بذریعہ ریل عید کرنے اپنے گھر ملتان آتے تھےجنھوں نے وا پس جانے کےلئے ایڈوانس بکنگ کے لئے ریلوے ریزرویشن آفس(بقیہ نمبر51صفحہ12پر )
ملتان کا رخ کیا جہاں انہیں یہ سن کر مایوسی ہوئی کہ 24جون تک ملتان سے روانہ ہونے والی اور دیگر شہروں سے آنے والی ٹرینوں میں کسی بھی کلاس میں کوئی برتھ اور سیٹ نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لاکھوں مسافروں نے آن لائن سسٹم کے تحت ایڈوانس بکنگ کروا لی ہے جبکہ پابندی کے باوجود بلیک مارکیٹنگ کے سدباب کے لئے ریلوے کی جانب سے کئے گئے دعوے قلیوں نے ناکام بنا دئیے ہیں اور ان کے مخصوص گروہ نے بھی فرضی ناموں اور شناختی کارڈز پر بڑی تعداد میں ریزرویشن آفس اور آن لائن سسٹم کے تحت ایڈونس بکنگ کروا لی ہے جنھوں نے ریلوے چوک،پارکنگ ایریا،بکنگ آفس،سٹیشن کا مرکزی گیٹ اور پلیٹ فارموں پر اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں جو ریزرویشن آفس میں انکار سے مایوس ہونے والے اور ٹرینوں کی آمد پر کھڑے مسافرو ں کو متوجہ کرنے پر انہیں ڈبل ریٹ پر ٹکٹ فروخت کر رہے ہیں جبکہ اس موقعہ پر بلیک مافیا کے خلاف کاروائی کرنے والی ٹیمیں سب اچھا کی رپورٹ دے رہی ہیں جنھوں نے اب تک ایک بھی قلی نہیں پکڑاذرائع کے مطابق ان ٹرینوں میں ایچ او آر کا کوٹہ بھی موجود ہے جو باوقت ضرورت استعمال میں لایا جاتا ہے جس کا کنٹرول ڈی سی او کے اہلکار راو راشد کے پاس ہے جس پر وہ اپنے منظور نظر افراد کو دلوا رہا ہے۔ دوسری طرف مسافروں کا کہنا ہے کہ گرمی میں ایڈوانس بکنگ کے لئے گھنٹوں قطار میں لگنا پڑتا ہے اور اس کے بعد جواب ملتا ہے کہ مطلوبہ ٹرین میں برتھ اور ٹکٹ نہیں ہے جبکہ وجہ ٹرینوں اور کوچز کی کمی بتا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو وزیر ریلوے نئی ٹرینیں چلانے کے دعوے کرتے ہیں تو دوسری طرف ٹرینوں میں مسافروں کو جگہ نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر ریلوے سے مطالبہ ہے کہ کراچی کے مسافروں کی سہولت کے لئے شاہ رکن عالم ایکسپریس بحال کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر سفری سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں جبکہ ابتدائی سٹیشنوں سے چلائے جانے والی ٹرینیں تیزگام، خیبر میل، شالیمار، شاہ حسین، رحمان بابا ایکسپریس میں ملتان کا کوٹہ بڑھایا جائے تاکہ مسافر ان ٹرینوں میں بھی زیادہ سے زیادہ سفر کر سکیں