سودکی لعنت سے نجات اور اللہ کا نظام نافذ کرنے کی ضرورت ہے، منور حسن

سودکی لعنت سے نجات اور اللہ کا نظام نافذ کرنے کی ضرورت ہے، منور حسن

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے تحت ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم شوال کو ادارہ نور ِ حق میں روایتی عید ملن منعقد ہو ئی جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے خصوصی شرکت کی۔ عید ملن صبح 11بجے سے نمازِ ظہر تک جاری رہی۔عید ملن میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنما، ذمہ داران اور کارکن شریک ہوئے اور ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکبا د دی۔ اس مو قع اسد اللہ بھٹو،راشد نسیم،ڈاکٹر معراج الہدیٰ،محمد حسین محنتی، حافظ نعیم الرحمن،برجیس احمد، مسلم پرویز، ڈاکٹر واسع شاکر،راجہ عارف سلطان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔دریں اثناء جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی نمائندوں کے وفد نے سید منور حسن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اقلیتی نمائندوں نے اقلیتی برادری کی طرف سے جماعت اسلامی کے قائدین کو مٹھائی اور کیک کا تحفہ اور عید کی مبارکباد پیش کی۔دریں اثناء عید ملن میں جماعت اسلامی کے قائدین نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عید ملن جماعت اسلامی کی دیرینہ روایت رہی ہے جس میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اورکارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد ملتے ہیں اور عید کی خوشیاں مناتے ہیں، عید الفطر اللہ کا انعام ہے اس موقع پر ہمیں ان بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے جو مہنگائی کے دور میں اپنے بچوں کو عید کے کپڑے نہیں دلواسکتے،موجودہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ہے، ملک میں سود کا نظام قائم ہے جو کہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے اعلان جنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام نظام آزمائے جاچکے ہیں،کوئی بھی نظام کامیاب نہیں رہا، ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں سب لوگوں کے یکساں حقوق ہوں، ہمیں سودی نظام کی لعنت سے نجات اور اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام کی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے یہی دنیا اور آخرت میں ہم سب کے لیے راہ نجات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج اس خوشی کے موقع پر بھی ہمیں دنیا بھر کے ان مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو بیت المقدس کی حفاظت، کشمیر کی آزادی، برمامیں ظالم حکومتوں کے جبر واستبداد کا مقابلہ کررہے ہیں۔#

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...