ہمیں چاہیے کہ گھروں میں بھی قرآن فہمی کا اہتمام کریں، مولانا عبدالحنان
کراچی (پ ر) مولانا عبدالحنان سامرودی استاد الحدیث و القرآن بروج انسٹیٹیوٹ اور نائب شیخ الحدیث جامعہ ستاریہ اسلامیہ نے دورہ تفسیر القرآن کی اختتامی تقریب میں پاکستانی عوام کو عید کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ہم نے ایک ماہ گیارہ دن میں قرآن مجید کو معنی و مطالب اور مختصر تفسیر سے پڑھ کر مکمل کیا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھروں میں بھی قرآن فہمی کا اہتمام کریں۔ ادارے کے بانی ممبر طحٰہ احمد پاشا نے اپنے ادارے میں دینی شارٹ کورسز کروا کر دینی حلقوں میں ایک نام پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حسرتوں اور مہنگائی کی لامحدود نہ ختم ہونے والی مشکلات میں گھرا ہوا معاشرہ عید کے تہوار پر گانوں، رنگا رنگ پیکج، برانڈز دیکھ کر خوش ہورہا ہے اور اپنے پیٹ کے ایندھن کا انتظام کرنے میں ناکام نظر آتا ہے۔ اسلام نے ہمیں معیشت کی تقسیم کے ایسے سنہرے اصول بتائے ہیں جن پر عمل کرکے ہم دنیا میں سرخرو ہوسکگے ہیں جبکہ معیشت کو دوام بخشنا اور اس پر عمل کرنا اور کروانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے تاکہ دولت کی مساوی تقسیم کا دائرہ کار وسیع کیا جاسکے۔ اس طرح ہم اپنے ملک سے غربت و ناداری میں گھرے ہوئے ہزاروں انسانوں کو معاشی اعتبار سے مستحکم کرکے انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرسکتے ہیں۔