”ہم نے جیتنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔۔۔“ مچل سٹارک نے پاکستان کیخلاف میچ سے پہلے ہی اعلان کر دیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک کا کہنا ہے کہ جیتنے کا نئے طریقے ڈھونڈنا ہمیشہ ہی بہت زبردست ہوتا ہے اور ہم نے ایک اور نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مچل سٹارک نے ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس میچ میں شاندار کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ ہم وقفے وقفے سے اچھا کھیلے لیکن ہم بہتر ضرور ہو سکتے ہیں۔ جیتنے کے نئے طریقے ڈھونڈنا ہمیشہ ہی بہت زبردست ہوتا ہے جبکہ کولٹر نائل قابل دفاع ہدف تک پہنچانے کیلئے بہت ہی زبردست کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو ہمیشہ ایسے مراحل میں پراعتماد ہونے کی ضرورت ہوتی ہے، ہماری ٹیم میں بہت ہی اچھے باﺅلرز ہیں اور ہم جیت سے چند وکٹوں کی دوری پر ہی تو تھے۔ گزشتہ ورلڈکپ کا تجربہ بہت کام آیا لیکن ہمارے پاس ڈیتھ اوورز کرانے کیلئے بہت آپشنز ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں آسٹریلیا کے صرف 79 کے مجموعی سکور پر 5 کھلاڑی آﺅٹ ہو چکے تھے تاہم کولٹرنائل کے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 88 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ بال ٹمپرنگ کی سزا مکمل کرنے کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے سٹیو سمتھ نے بھی 73 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
مچل سٹارک نے اس میچ میں شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے صرف 46 رنز کے عوض کرس گیل سمیت 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیم کو مشکل نظر آنے والی فتح سے ہمکنار کروایا۔