اے این پی کا مہنگائی کے خلاف کل سے صوبہ گیر احتجاج شروع ،اسفندیار ولی چارسدہ میں احتجاجی جلوس کی قیادت کریں گے
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام مہنگائی اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کل 9جون کو ہونے والے مظاہروں کو حتمی شکل دے دی گئی، منعقدہ اجلاس میں صوبہ بھر میں مہنگائی کے خلاف مظاہروں کی تیاریوں کا جائزہ،اضلاع کی سطح پر جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول جاری کیا گیا۔
شیڈول کے مطابق مرکزی صدر اسفندیار ولی خان چارسدہ چوک میں صبح 10بجے مظاہرے کی قیادت و جلسہ عام سے خطاب کریں گے،صوبائی صدر ایمل ولی خان صوابی امن چوک میں صبح 10بجے و مومندیکہ غنڈ بازار میں سہ پہر4بجے مظاہروں کی قیادت سنبھالیں گے۔ مردان میں امیر حیدر خان ہوتی کالج چوک شام میں 6بجے جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک اپنے ضلع بونیر سواڑی بازار میں صبح10بجے موجود ہونگے اور مظاہروں و جلسوں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خطاب بھی کریں گے۔ ضلع پشاور میں حاجی غلام احمد بلور اور خوشدل خان ایڈوکیٹ احتجاجی مظاہرین کے ساتھ ہونگے اور خیبر بازار سوئیکارنو چوک میں 3بجے مظاہرے کی قیادت کریں گے۔اسی طرح نوشہرہ کیلئے ثاقب اللہ خان ،سوات زاہد خان ، لوئر دیر انجینئر سلیم ، ملاکنڈ خان نواب، شانگلہ حسین شاہ یوسف زئی،چترال خدیجہ بی بی،تورغر فیصل زیب،بٹ گرام نثار خان ،مانسہرہ ڈاکٹر شاہین ضمیر،ایبٹ آباد شازیہ اورنگزیب خان اور شہناز راجہ ،ہری پور ارم فاطمہ،کوہاٹ شیر خان اور کرک کیلئے ذمہ داریاں حاجی ہدایت اللہ خان کو سونپی گئیں،نوشہرہ میں شوبرہ چوک کے مقام پر صبح10بجے،سوات میں نشاط چوک کے مقام پر سہ پہر 5بجے،دیر میں تیمرگرہ شہید چوک کے مقام پرصبح 10بجے،ملاکنڈ درگئی بازار میں بھی صبح 10 بجے ، شانگلہ الپوری ہیڈکوارٹر میں صبح10بجے،چترال میں دوپہر 1بجے چترال مین بازار میں،تورغر جدباء بازار میں صبح10بجے،بٹگرام مین چوک میں صبح 9 بجے ، ایبٹ آباد کینٹ چوک میں سہ پہر 3 بجے،ہری پور میں چوک میں سہ پہر 5بجے،کوہاٹ کچہری چوک میں صبح9بجے اور کرک مین چوک میں صبح8بجے احتجاجی مظاہرے ہونگے۔