تشد د سے جاں بحق ملازمہ کے قتل کے ذمہ دار اسکے والدین ہیں، احسن خان

  تشد د سے جاں بحق ملازمہ کے قتل کے ذمہ دار اسکے والدین ہیں، احسن خان

  

لاہور(فلم رپورٹر)اداکار احسن خان نے راولپنڈی میں مالکان کے تشدد سے جاں بحق ہونے والی کم سن گھریلو ملازمہ زہرہ شاہ کے قتل کا ذمہ دار والدین کو ٹھہرا دیا۔اداکار کا کہنا ہے کہ آٹھ سال کی معصوم بچی جو گھر والوں کے پیٹ بھرتے ہوئے درندگی کا شکار ہوئی، اس کے اصل قاتل گھر والے ہیں۔فیس بْک پر جاری اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ چھوٹی عمر میں بچوں سے کام کروانے والوں کے قاتل ماں باپ ہیں۔بچوں کی پرورش کرنا، انہیں روٹی دینا اور ان کی اچھی تربیت، ان کا تحفظ ماں باپ کا کام ہے۔

بچوں کا کام ماں باپ کے پیٹ بھرنا نہیں ہے، غربت بھی اس بات کا جواز نہیں کہ وہ ناتواں بچوں کو اپنی روٹی کا ذریعہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر غربت مسئلہ ہے تو یہ سب شادی سے پہلے سوچیں، شادی ہو گئی ہے تو بچے پیدا کرنے سے پہلے سوچیں۔ماں باپ آٹھ سال کی بچیوں کو دو ٹکوں کے عوض غیروں کے رحم و کرم پر چھوڑنا تو دور گھر میں اکیلا نہیں چھوڑ سکتے بلکہ اکیلا مارکیٹ بھی نہیں بھیج سکتے۔انہوں نے لکھا کہ آٹھ سال کی معصوم زہرہ جو گھر والوں کے پیٹ بھرتے ہوئے درندگی کا شکار ہو گئی، گھر والوں کو اس گھر کے درندوں کے بارے میں پہلے سوچنا چاہئے۔

مزید :

کلچر -