ہاکی خاندانی کھیل، ملک کا نام روشن مشن ہے: اظہر یعقوب
لاہور(افضل افتخار) قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اظفر یعقوب نے کہا ہے کہ ہاکی ہمارا خاندانی کھیل ہے میرے نانا سمیت کئی قریبی رشتہ دار قومی ہاکی ٹیم سے منسلک رہ چکے ہیں پاکستان کی جانب سے کھیلنا میرے لئے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے اور مجھے یقین ہے کہ میری محنت رنگ لائے گی اور میں ٹیم کے لئے عمدہ پرفارمنس دکھانے میں کامیاب ہوگا انہوں نے کہا کہ اب تک قومی ٹیم کی جانب سے بے شمار میچز میں نمائندگی کرچکا ہوں مستقبل میں بھی اسی طرح سے ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش ہے پاکستان میں کورونا کی وجہ سے کھیلوں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور اب شائد وہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں کھیلوں کی سرگرمیوں کو اس وباء کے ساتھ شروع کردینا چاہئیے تاکہ کھیلوں کا مزید نقصان نہ ہوسکے کیونکہ ہمیں جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ بھی مشکل ہے مگر امیدہے کہ ہم بھرپور محنت سے جو وقت گزر گیا اسکی کمی کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ اس وقت پاکستان میں ہاکی کا کھیل تنزلی کا شکار ہے مگر اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ہمارے پاس بہترین کھلاڑی ہیں جو ایک مرتبہ دوبارہ ہاکی کے کھیل کو عروج دلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان کی ہاکی ٹیم عمدہ پرفارمنس کامظاہرہ کرکے فتوحات کا سلسلہ شروع کرے گی۔