پولیس کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرینگے،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب

پولیس کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرینگے،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ انعام غنی نے کہا ہے پولیس فورس میں موجود کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ یہ باصلاحیت کھلاڑی مزید بہتر نتائج اور شاندار کامیابیوں سے پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے کیلئے کوشاں رہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس گالف ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر محکمے کی نمائندگی کرتے ہوئے ماضی میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

جبکہ یہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کارلاتے ہوئے گالف کے میدان میں نوجوان کھلاڑیوں کو راہنمائی اور کوچنگ بھی فراہم کرتے ہیں جو اس کھیل کے فروغ کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ آئندہ مقابلوں کی تیاری کیلئے وہ بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھیں اور اپنی پوری توجہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے پر مرکوز رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس گالف ٹیم میں شامل کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ کھلاڑیوں میں لیڈی انسپکٹر شہزادی گلفام، سب انسپکٹر محمد جاوید، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد سلطان، ٹریفک وارڈن بابر علی، کانسٹیبل محمد جمشید(ڈولفن پولیس) اور کانسٹیبل غلام قادر (ڈولفن پولیس) شامل تھے جوبین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی گالف ٹورنامنٹس میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کرکے مختلف کامیابیاں سمیٹتے رہے ہیں جن میں نیشنل چیمپیئن شپ پاکستان گالف،ونر آف سری لنکن چیمپئین شپ،اسلام آباد چیمپئین شپ، فیصل آباد گالف ٹورنامنٹ، نیشنل گیمز،جمخانہ چیمپئن شپ،پاکستان اوپن گالف چیمپئین شپ اور گریڑن گالف چیمپئین شپ سمیت متعدد نیشنل و انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان اور پنجاب پولیس کی نمائندگی شامل ہے۔کھلاڑیوں نے دوران ملاقات اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔

مزید :

علاقائی -