مالی وسائل ہڑپ کرنے والوں کے خلافقوم متحد ہے،سعدیہ سہیل
لاہور(پ ر) آفیشل سپوکس پرسن چیف منسٹر پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ پاکستان کے مالی وسائل ہڑپ کرنیو الوں کے خلاف قوم متحد ہے، شہبازشریف قوم کی لوٹی رقم کا حساب دیں، سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ملک کے مجرم ہیں اور جھوٹے دعویداروں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ قومی دولت لوٹنے والوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10برس میں میگا پراجیکٹس کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رہا۔سابق حکمرانوں کے دور میں سرکاری خزانے کو لوٹا گیا اورہر ادارے میں کرپشن کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اورقرضوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا اورپاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا یا۔ ماضی کے حکمرانوں نے پاکستان کے ساتھ بہت ظلم و زیادتی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کیا گیااورذاتی نمائش کے منصوبے شروع کیے گئے جس کے باعث عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے گئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہادکررہی ہے اور ہم سرکاری خزانے کے امین ہیں،کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔