آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات، مشترکہ اہداف کیلئے کا م جاری رکھنے پر اتفاق
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امور زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی اور خطے کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زلمے خلیل زاد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی سکیورٹی کی صورت حال، افغان مہاجرین اور افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کے بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف اور زلمے خلیل زاد نے اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات اٹھانے اور باہمی طے شدہ اہداف کی سمت کام کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان مہاجرین اور مفاہمتی عمل کے حوالے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے کیے گئے اقدامات کے بارے میں ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ خیال رہے کہ سال 2001 میں نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد افغانستان میں شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کے لیے 2 متحارب فریقین امریکا اور طالبان کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اس امن معاہدے میں طالبان کی جانب سے افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی ضمانت دی گی جبکہ امریکی افواج کے بتدریج افغانستان سے انخلا کا عمل شروع ہوچکا ہے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
آرمی چیف ملاقات