رحمن ملک کا سنتھیار چی کو 50کروڑ ہرجانے کا نوٹس، 2شہریوں کی درخواستیں دائر

  رحمن ملک کا سنتھیار چی کو 50کروڑ ہرجانے کا نوٹس، 2شہریوں کی درخواستیں دائر

  

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)سینیٹر رحمان ملک کے وکلاء نے امریکی خاتون سنتیھیا رچی کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجوا دیا۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے اپنے قانونی نوٹس میں سنتھیا رچی کے لگائے گئے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیکر سختی سے تردید کی اور اکہا کہ یہ لڑائی محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی تکریم کی لڑائی ہے جو کہ نہ صرف میری بلکہ پوری قوم کی قائد ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور میری کردار کشی کے پیچھے کونسے عناصر ہیں وقت آنے پر بے نقاب کرونگا۔ ان عناصر کو انکاماضی یاد دلاونگا کہ رہتی دنیا تک یاد رہے، مجھے مسلسل جیل بھیجوانے و قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔نہ میں کبھی کسی کے دباو میں آیا اور نہ کبھی آؤنگا، میرا ضمیر اور میرا دامن صاف ہے جب میرے خلاف کچھ نہیں ملا تو دشمن گھٹیاترین الزامات پر اتر آئے۔ انہوں نے کہاکہ میرے سنتھیا نامی امریکی خاتون سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، وقت بتائے گا کہ اسنے پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں کیا کردار ادا کیا۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمے کی درخواست پر سماعت 9 جون کو مقامی عدالت میں ہوگی، اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمے کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 جون تک جواب طلب کر لیا۔ پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے امریکی صحافی سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی تھی جس پر اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ امریکی صحافی نے سوشل میڈیا پر بے نظیر بھٹو کے خلاف مہم چلائی ہے۔ سوشل میڈیا سے سنتھیا رچی کا ٹوئٹ ڈیلیٹ کرانے کیلئے پی ٹی اے کو درخواست دی تھی اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے ایف آئی اے کو درخواست بھی دی گئی مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے ایک شہری وقاص عباسی کی درخواست پر مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جون تک جواب طلب کر رکھا ہے۔دوسری جانب امریکی خاتون سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ اب سوشل میڈیا کے بجائے روایتی میڈیا پر اپنی کہانی سناؤں گی۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سینتھیا رچی نے کہا کہ اس ہفتے رحمن ملک سمیت پیپلزپارٹی کی مجرمانہ کارروائیاں سامنے آئیں گی۔ امریکی سفارت خانے کو پہلے ہی اپنے اقدام سے متعلق مطلع کردیا ہے۔ ان معاملات کو آگے بڑھانے کیلئے میٹنگز کرنے کو تیار ہوں۔جبکہ ایف آئی اے کو تحریری بیان میں سنتھیا رچی نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے لڑنا نہیں چاہتی، بلاول کو مستقبل کا طاقتور لیڈر دیکھتی ہوں اور بلاول کا مستقبل کے رہنما کے طور پر ڈاکومنٹری میں انٹرویو کرنا چاہتی تھی۔

مزید :

صفحہ اول -