اوورسیزپاکستانیوں نے ہر مشکل میں مدد کی، جائز مطالبات کا حل ہماری ذمہ داری: شاہ محمود قریشی

  اوورسیزپاکستانیوں نے ہر مشکل میں مدد کی، جائز مطالبات کا حل ہماری ذمہ داری: ...

  

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی،جائز مطالبات کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا تبدیل ہو چکی ہے،سوشل میڈیا لمحہ لمحہ کی خبر دے رہا ہے،آپ کو جدید ذرائع کو بروئے کار لانا ہو گا،ہماری درآمدات کرونا کی وجہ سے بہت کم ہو چکی ہیں تاہم زرمبادلہ کے حوالے سے ابھی ہمیں توقعات وابستہ ہیں،ہمیں اپنا مائنڈ سیٹ اور رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔ اتوار کووزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود،اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران اور متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر غلام دستگیر خان اور یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران بھی شریک ہوئے۔وزیر خارجہ ے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ان کے جائز مطالبات کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے،مجھے یقین ہے کہ آپ نے اس کٹھن گھڑی میں تندہی سے کام کیا ہے۔ آپ نے 196 پاکستانیوں کیلئے فری ٹکٹس دلائے جو بہت احسن اقدام ہے۔ ہماری پارٹی کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے۔یہ پاکستانی، اپنا خون پسینہ بہا کر اپنا زرمبادلہ بھجوا رہے ہیں اور پاکستان کی معیشت کو سہارا دئیے ہوئے ہیں،ہمیں اپنا مائنڈ سیٹ اور رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ خلیجی ممالک میں پاکستانی بہت بڑی تعداد میں مقیم ہیں کورونا کی وجہ سے بہت سے پاکستانیوں کو واپس بھجوایا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ واپسی کے منتظر پاکستانی یو اے ای میں ہیں مجھے افسوس ہے کہ ان پاکستانیوں کو ہوائی ٹکٹس کی مد میں اضافی چارج کیا جا رہا ہے اس کا ذمہ دار کوئی بھی ہو لیکن جواب ہمیں دینا ہے۔دبئی میں جس طرح پاکستانی سفارتخانے نے راشن تقسیم کیا اس پر لوگوں نے ہماری کاوشوں کو سراہا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جمہوریت میں بولنے کی آزادی ہوتی ہے منتخب حکومتیں عوام کے سامنے جواب دہ ہوتی ہیں۔ ان عناصر کی نشاندہی کی جائے جو ٹکٹس کی مد میں پاکستانیوں سے اوور چارج کر رہے ہیں۔کمیونٹی سینٹر جو گزشتہ کافی عرصے سے بند پڑا ہے اسے دوبارہ کھلوانے کیلئے میں جلد یو اے ای کے وزیر خارجہ سے بات کروں گا۔قبل ازیں وزیر خارجہ نے ٹائیگرز فورس رضا کاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پوری قوم کرونا کے ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے،نوجوان پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک وقوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا،ہم نے مل کر بحیثیت قوم اس عالمی وبا سے لڑنا اور شکست دینا ہے۔ ملک بھر کے نوجوانوں نے وزیر اعظم کی اپیل پر لبیک کہا،نوجوان پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک وقوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا۔ غریب،سفید پوش طبقہ معاشی سرگرمیاں معطل ہونے پر محدود ہو کر رہ گیا،ان کو رازداری کے ساتھ راشن پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے،اس سارے ریلیف مشن کی خود نگرانی کروں گا،آپ مجھے قدم قدم پر اپنے ساتھ مصروف عمل پائیں گے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ خوش قسمت ہیں کہ عوام الناس کی خدمت کے ذریعے رمضان کریم کی برکتیں سمیٹنے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا نادر موقع آپ کو میسر آیا۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -