مسلم لیگ(ن) ہماری نہیں اپنی فکر کرے،ترجمان پنجاب حکومت

مسلم لیگ(ن) ہماری نہیں اپنی فکر کرے،ترجمان پنجاب حکومت

  

لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے حکومت کی فکر چھوڑ کر اپنے گھر کی فکر کریں جہاں رسہ کشی عروج پر ہے،نواز شریف سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں البتہ روز انہ کی بنیاد پر ہشاش بشا ش نواز شریف کی تصویر جاری کرکے (ن) لیگ میں کسے متنبہ کیا جاتا ہے سب اس سے آگاہ ہیں، پیپلز پارٹی کوپنجاب میں نہیں بلکہ سندھ میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے عوام کو درپیش مسائل کو اپنی حکومت کے سامنے اجاگر کرناچاہیے تھا،حکومت کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور مریضوں کی تعداد کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں انتظامات کئے جارہے ہیں۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے بیان ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا شیرازہ بکھر چکا ہے اور اسے اکٹھا کرنا کسی کے بس کی بات نہیں، (ن) لیگ میں پارٹی صدارت سمیت بہت سے معاملات پر رسہ کشی جاری ہے، نواز شریف حکومت کیلئے تو کوئی خطرہ نہیں بلکہ لندن سے ہشاش بشا ش نواز شریف کی تصویر کس کیلئے جاری کی جاتی ہے سب اس سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے ترجمان بھی شریف خاندان کی کرپشن کا دفاع کرنے سے عاجز آ چکے ہیں اور بیزار نظر آتے ہیں اوربہت جلد خود کو گھروں تک محدود کر لیں گے۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی اب تک کی سیاست کرپشن کے سہارے چل ری تھی لیکن موجودہ حکومت نے ان کی سیاسی لائف لائن کاٹ دی ہے جس سے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی فرانزک رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے اور اس پر قانون کے مطابق پیشرفت ہو رہی ہے، اس رپورٹ پر شریف خاندان کے اعمال بھی بتائے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت مضبوط بنیادوں پرکھڑی ہے البتہ اپوزیشن کی سیاست ہوا میں معلق ہے اور اس کے مستقبل کا خود (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو بھی اندازہ نہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت

مزید :

صفحہ آخر -