جاپان کو کی جانے والی برآمدات میں 15.94فیصد کمی

جاپان کو کی جانے والی برآمدات میں 15.94فیصد کمی

  

اسلام آباد (اے پی پی) رواں سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران جاپان کو کی جانے والی برآمدات میں 15.94فیصد کمی ہوئی ہے۔ جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران جاپان کو 58ملین ڈالر کی برآمدات گئی ہیں۔ ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانہ کے کمرشل قونصلر طاہر چیمہ نے کہا ہے کہ گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران جاپان کو 69ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کو کی جانے والی برآمدات میں کمی صرف کووڈ 19-کی وبا کے باعث نہیں ہوئی بلکہ بعض تجارتی رویے بھی کمی کا سبب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مصنوعات کی تجارت بغیر کسی طے شدہ شیڈول کے ہوتی ہے جسکی وجہ سے تجارت میں اتار چڑھاؤ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران جاپان نے بڑی تعداد میں تانبا درآمد کیا تھا جو غیر روایتی مصنوعات میں شامل ہے اور رواں سال کے آغاز پر تانبا کی درآمدات انتہائی کم رہیں جسکی وجہ سے پاکستانی برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان میں پاکستانی سفارتخانہ جاپانی درآمد کنند گان سے رابطہ میں ہے تاکہ بڑے درآمدی آرڈرز وصول ہوسکیں جس سے قومی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کو زرعی مصنوعات، چمڑے کے ملبوسات، طبی آلات، معدنیات کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں ا ور سفارتی عملہ قومی برآمدات میں اضافہ کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

مزید :

کامرس -