انسداد کورونا پروگرا م، جی 20و ترقی پذیر معیشتوں کا 21ارب ڈالر دینے کا عہد
قاہرہ (اے پی پی) ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ جی 20 اور دیگر ابھرتی معیشتوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کے طور پر 21 ارب ڈالر سے زیادہ رقم دینے کا عہد کیا ہے۔یہ بات جی 20 کی جانب سے گزشتہ روز جاری ایک بیان میں کہی گئی۔انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک نے کورونا وباء سے نمٹنے کی عالمی کوششوں کے طور پر اب تک21 ارب ڈالر امداد کا عہد کیا ہے، یہ رقم مرض کی تشخیص،ویکسینیشن، علاج معالجے اور تحقیق و ترقی پر خرچ کی جائے گی۔سعودی عرب جو اس وقت جی 20 کا سربراہ ہے اس نے اس مد میں 500 ملین (50 کروڑ) ڈالر عطیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے جس میں سے 15 کروڑ ڈالر وباء سے نمٹنے کے اقدامات، 15 کروڑ ڈالر ویکسینیشن بارے عالمی اتحاد اور 20 کروڑڈالر صحت کے حوالے سے دوسری تنظیموں اور پروگرامز کو دیے جائیں گے۔اپریل میں گروپ نے رکن و دیگر ملکوں، غیر سرکاری تنظیموں،رفاعی اداروں اور نجی شعبے کو دعوت دی تھی کہ وہ آگے آئیں اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 8 ارب ڈالر عطیہ کریں۔یاد رہے کہ دسمبر 2019 ء میں شروع ہونے والے کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3 لاکھ 91 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 67 لاکھ سے زیادہ اس مرض میں مبتلاء ہیں۔